امریکی شہر ڈیٹرائٹ سے تعلق رکھنے والے کلاڈ پی مور نے 10 سال سے زائد عرصے کی محنت کے بعد ربڑ بینڈز سے دنیا کا سب سے بڑا گولا تیار کرکے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس دیوہیکل گولے کا وزن تقریباً 5 ہزار 252 کلوگرام ہے، جس کی تیاری میں ہزاروں ربڑ بینڈز استعمال کیے گئے۔
کلاڈ پی مور نے بتایا کہ انہوں نے ربڑ بینڈز کے چھوٹے گولے بنانا اس وقت شروع کیے جب وہ خون کی بیماری ہیموفیلیا کے معائنے کے لیے اکثر ڈاکٹر کے پاس جایا کرتے تھے۔ 2015 میں ان کے چند ساتھیوں نے انہیں ایک بہت بڑا ربڑ بینڈ بال بنانے کا چیلنج دیا جس کے بعد انہوں نے اس منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ گولا اتنا بڑا ہو گیا کہ اسے گھر کے گیراج میں رکھنا ممکن نہ رہا چنانچہ اسے ایک مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔
گزشتہ اگست میں مور اور درجنوں معاونین نے اس بھاری بھرکم گولے کو اسٹوریج یونٹ سے باہر نکالا اور کرین کی مدد سے بیلے آئل منتقل کیا جہاں گینیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کی موجودگی میں اس کا باقاعدہ وزن کیا گیا۔
وزن کی تصدیق کے بعد اسے دنیا کا سب سے بڑا ربڑ بینڈ بال قرار دے دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ مور نے فلوریڈا کے رہائشی جوئل واؤل کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 2008 میں تقریباً 4 ہزار 99 کلوگرام وزنی ربڑ بینڈ بال تیار کیا تھا۔