امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکنز کو بڑے سیاسی دھچکے کے بعد سوشل میڈیا پر صدر اور ان کی پالیسیوں کے خلاف طنزیہ پوسٹس، میمز اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز کی بھرمار ہوگئی۔
ڈیموکریٹس کی کامیابی کو صارفین نے ’’بلیو ویو‘‘ کے بجائے ’’بلیو سونامی‘‘ قرار دیتے ہوئے مختلف دلچسپ انداز میں پیش کیا۔
ایک وائرل میم میں طنز کیا گیا کہ امریکا نے ٹرمپ کی اکثریت کو ہی ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ بعض پوسٹس میں ان کی امیگریشن پالیسیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایک اور مقبول تبصرے میں کہا گیا کہ ٹرمپ ایران میں حکومت تبدیل کرنے نکلے تھے لیکن اب امریکا میں ہی سیاسی تبدیلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارت میں ایرانی سفارت خانے نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر شیئر کی، جس میں ٹرمپ سے مشابہ شخصیت کو چند افراد اٹھا کر ایسے کچرے کے ڈبے میں پھینکتے دکھایا گیا جس پر ’’خطرناک فضلہ‘‘ درج تھا۔
ویڈیو کے ساتھ مختصر عبارت ’’امریکی وسط مدتی انتخابات‘‘ لکھی گئی جسے امریکی صدر کی انتخابی شکست پر طنز سمجھا گیا۔ اس پوسٹ نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔
صارفین نے بھی اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیا اور ٹرمپ کے علاوہ ملکی سیاسی شخصیات کو بھی طنزیہ تبصروں کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب امریکی شہریوں کی جانب سے ڈیموکریٹس کی کامیابی پر جشن منانے کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے انتخابی نتائج کو نئی سیاسی امید اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل قرار دیا۔