ایران جنگ ختم کرو، اسرائیلی امداد بند کرو، ایپسٹین فائلیں کھولو، امریکی رکن کانگریس کا مطالبہ

رو کھنہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان کے جواب میں یہ مطالبات پیش کیے


ویب ڈیسک November 05, 2026

امریکی ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس رو کھنہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جنگ ختم کرے، اسرائیل کے لیے امریکی امداد بند کرنے کی حمایت کرے اور جیفری ایپسٹین سے متعلق معاملات کی مکمل تحقیقات کا راستہ کھولے۔

رو کھنہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان کے جواب میں یہ مطالبات پیش کیے۔ وینس نے کہا تھا کہ ایران جنگ اور جیفری ایپسٹین معاملے سے جڑی بدعنوانی ری پبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کی وجوہات میں شامل ہیں۔

رو کھنہ نے ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے تین تجاویز رکھتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایسی قرارداد کی حمایت کرے جو ایران میں کسی بھی امریکی فوجی کارروائی کے لیے فنڈنگ روک دے۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے ویتنام جنگ کے خاتمے سے تشبیہ دی۔

ان کا دوسرا مطالبہ اسرائیل کے لیے تمام امریکی امداد ختم کرنے سے متعلق قرارداد کی حمایت کرنا ہے۔

ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس نے انتظامیہ سے ’ایپسٹین 2.0 ایکٹ‘ کی حمایت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کے مطابق اس قانون کے ذریعے ریاستی اٹارنی جنرلز کو ایسے افراد کے خلاف مقدمات چلانے کا اختیار مل سکے گا جن پر کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔