پیزا پر پائن ایپل ڈالنے سے انکار، ریسٹورنٹ نے اطالوی شیف کو نوکری سے نکال دیا

شیف نے برطرفی کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے آسٹریلیا کے فیئر ورک کمیشن سے رجوع کیا ہے۔


ویب ڈیسک November 05, 2026

آسٹریلیا میں ایک اطالوی شیف کو پیزا پر پائن ایپل ڈالنے سے انکار کرنا مہنگا پڑ گیا۔

یہ دلچسپ واقعہ آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کے ریسٹورنٹ ’لا کوسٹا‘ میں پیش آیا جہاں اطالوی شیف ڈیوڈ تمبوریلا نے پیزا پر پائن ایپل ڈالنے کو اپنی ثقافت کی توہین قرار دیا۔

ریسٹورنٹ کے مالک کے مطابق ایک تقریب میں 15 ہزار آسٹریلوی ڈالر سے زائد خرچ کرنے والے گاہک نے ہیم اور پائن ایپل والا پیزا مانگا، لیکن شیف نے اسے تیار کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شیف اس سے قبل بھی دو مرتبہ ایسا کرنے سے انکار کر چکے تھے، جس کے بعد انہیں مئی میں ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔

شیف نے برطرفی کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے آسٹریلیا کے فیئر ورک کمیشن سے رجوع کیا، تاہم کمیشن نے درخواست مقررہ وقت کے بعد دائر ہونے کی وجہ سے مسترد کر دی۔