گوگل کروم میں ورٹیکل ٹیبز کی آزمائش، متعدد ویب پیجز پر کام کرنا ہوگا آسان

گوگل ایک اسکرول ایبل ٹیب بار متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے


ویب ڈیسک November 05, 2026

گوگل کروم استعمال کرنے والے افراد کو اکثر اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ایک ساتھ کئی ویب سائٹس کھول لی جائیں۔ زیادہ ٹیبز کی وجہ سے براؤزر کی اوپری بار میں جگہ کم ہوجاتی ہے اور مطلوبہ ویب پیج تک پہنچنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔ 

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے گوگل کروم میں ایک نئے فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس کے ذریعے ٹیبز کو عمودی انداز میں سائیڈ پر دکھایا جاسکے گا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل ایک اسکرول ایبل ٹیب بار متعارف کرانے پر کام کر رہا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے تمام کھلے ہوئے ویب پیجز ایک جانب ترتیب سے دکھائی دیں گے، جس سے ان کے درمیان نیویگیشن نسبتاً آسان ہوجائے گی۔ ورٹیکل ٹیبز کا یہ انداز فائر فاکس سمیت بعض دیگر براؤزرز میں پہلے سے موجود ہے۔

گوگل نے اپنے سپورٹ پیج پر اس فیچر کا اعلان کیا ہے، تاہم فی الحال یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ ابتدائی طور پر اسے کروم کینری کے ذریعے آزمایا جاسکتا ہے۔ یہ سہولت خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے جو بیک وقت درجنوں ویب پیجز کھول کر کام کرتے ہیں، جبکہ محدود ٹیبز استعمال کرنے والوں کے لیے اس کی افادیت نسبتاً کم ہوگی۔