لاہور میں دورانِ ڈیوٹی شہری کو روک کر کھانے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کرنے والے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں فیاض، فرحان اور احمد مصطفیٰ شامل ہیں۔ تینوں اہلکاروں نے برکت مارکیٹ میں ایک شہری کو روک کر کھانے کے لیے پیسے مانگے تھے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہریوں کی عزت اور پولیس فورس کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بدعنوانی میں ملوث اہلکار بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وردی کو ذاتی مفاد کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔