حمیرا خالد نے لیڈیز امیچر کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

جمعہ کو حمیرا خالد نے اپنے تجربہ کی بدولت حریف گالفرز کو پیچھے چھوڑ کر لیڈیز امیچر ایونٹ جیتا


زبیر نذیر خان November 06, 2026

پاکستان کی معروف سینیئر خاتون گالفر حمیرا خالد نے 30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ2026 کا لیڈیز امیچر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کراچی گالف کلب میں شروع  ہونے والی ایک کروڑ 41 لاکھ روپے کی ریکارڈ انعامی رقم کی چیمپین شپ میں جمعہ کو حمیرا خالد نے اپنے تجربہ کی بدولت حریف گالفرز کو پیچھے چھوڑ کر لیڈیز امیچر ایونٹ جیت لیا۔

چیمپئین شپ  کا باضابطہ آغاز 12 نومبرسے ہوگا، کمانڈر کراچی اور کراچی گالف کلب کے صدروائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

چیمپین شپ میں ملک بھر سے معروف کھلاڑی پروفیشنلز، سینئر امیچرز، جونیئر امیچرز، لیڈیز امیچرز، ویٹرنز اور پرو امیچرز کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے ، 72 ہولز کے پروفیشنل ،امیچر ، سینیر امیچر ایونٹس12 سے 16 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔

قبل ازیں 36 ہولز کے سینئر اور جونیئر پروفیشنل مقابلے 9اور 10 نومبر کو ہوں گے ، فائنل 15 نومبر کوطے ہیں، ہول ان ون کی شاندار کارکردگی پرخوش نصیب گالفر کو لگژری کاربطور انعام دی جائے گی۔

مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے،15 نومبر کو تقریب تقسیم انعامات میں چیف آف دی نیول اسٹاف مہمان خصوصی  ہوں گے۔