سعود شکیل کا سینئرز سے ذمہ داری دکھانے کا مطالبہ

ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل ہونے کے بعد اب سینئرز پر ذمہ داری ہے وہ ذمہ داری اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کریں


اسپورٹس ڈیسک November 06, 2026
فوٹو:فائل

قومی کرکٹر سعود شکیل نے ٹیم میں شامل سینئرز پر زور دیا ہے کہ وہ بھی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مثالی کارکردگی دکھائیں۔

اسلام آباد کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کے بعد سینئر کرکٹرز کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے اور انہیں اپنی کارکردگی سے مثال قائم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی نئی تشکیل میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع مل رہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام کھلاڑی اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں اور ایسے میں زیادہ ذمہ داری سینئرز پر عائد ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانا خاص طور پر اہم ہے۔ راولپنڈی کے بدلتے موسم کو کرکٹ کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ لاہور میں ہوتا یا راولپنڈی میں، ٹیم کو اپنے میدانوں اور حالات کا بخوبی اندازہ ہے۔

سعود شکیل نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی اس سیریز کو اہم موقع قرار دیا۔ ان کے مطابق ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے سے نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا اچھا موقع ملے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم مستقل مزاجی کا مظاہرہ نہیں کرسکی، اس لیے سینئر بیٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر کھیل پیش کرکے ٹیم کو کامیابی دلانے میں کردار ادا کریں۔

اپنی فارم کے حوالے سے سعود شکیل نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ان کی بیٹنگ میں اعتماد اور ردھم واپس آیا۔ دورے سے واپسی کے بعد صدر ٹرافی میں بھی انہوں نے اچھی فارم برقرار رکھی اور اب اسی کارکردگی کو بین الاقوامی کرکٹ میں جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔

سیریز کا شیڈول

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے  13 نومبر راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ فضل، علی عثمان، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طحہٰ، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس اور سعود شکیل۔