پیٹرولیم قیمتوں میں کمی، عوامی مشکلات کب کم ہوں گی؟

ملک میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یقیناً ایک خوش آئند پیش رفت ہے


ایڈیٹوریل November 07, 2026

 ملک میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یقیناً ایک خوش آئند پیش رفت ہے، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کرکے عوام کو جزوی سہولت فراہم کی ہے، اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق 6 نومبر 2026 سے پیٹرول کی نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے جبکہ ڈیزل 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

بلاشبہ عالمی منڈی کے حالات اور ملکی معاشی تقاضوں کے درمیان قیمتوں کا تعین ایک پیچیدہ عمل ہے، تاہم عوام کی توقعات محض اعلانات نہیں بلکہ عملی ریلیف سے وابستہ ہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی معیشت کی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان میں کمی یا اضافے کے اثرات صرف گاڑیوں کے ایندھن تک محدود نہیں رہتے بلکہ اشیائے خورونوش، زرعی پیداوار، صنعتی سرگرمیوں، مال برداری اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں تک پھیل جاتے ہیں۔ بالخصوص ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فایدہ کسانوں، ٹرانسپورٹرز اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل سے وابستہ کاروباری طبقے کو پہنچنا چاہیے، لیکن ماضی کا تجربہ بتاتا ہے کہ قیمتیں بڑھنے پر مہنگائی فوری طور پر بازاروں میں منتقل ہوجاتی ہے، جبکہ کمی کے باوجود اشیا اور خدمات کے نرخ برقرار رہتے ہیں،اس غیر متوازن طرزِ عمل کی روک تھام ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت مستحق افراد کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت ایک اہم انتظامی قدم ہے۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے شفاف سبسڈی کی فراہمی کا تصور قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس ضمن میں نہ صرف سبسڈی کی شفاف فراہمی پر توجہ دی ہے بلکہ عوامی حقوق کی راہ میں رکاوٹ بننے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت دے کر واضح کیا ہے کہ سرکاری سہولت سے محروم رکھنے والوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ٹیکنالوجی پر مبنی اس نظام کے ذریعے مستحق افراد تک براہِ راست مالی سہولت پہنچانے کا حکومتی عزم عوامی فلاح کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ خصوصاً محدود آمدنی والے موٹر سائیکل سواروں، محنت کشوں اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ایسی اسکیمیں معاشی دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فایدہ عوام تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لے۔ سبسڈی مستحق شہریوں کا حق ہے، کوئی سرکاری احسان نہیں۔