لاہور میں شہری 600 روپے فی کلو ایل پی جی خریدنے پر مجبور

گیس سستی ملے گی تو سستی فروخت کریں گے، دکانداروں کا موقف


طالب فریدی November 07, 2026

لاہور:

لاہور میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی نہ ہو سکی، اوگرا کی جانب سے قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے باوجود شہری مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہر میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 295 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم صارفین کو 600 روپے فی کلو تک گیس فروخت کی جا رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اوگرا نے گزشتہ دو ماہ سے ایل پی جی مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

دکانداروں کے مطابق پیرا فورس اور دیگر ادارے ان کے پمپس اٹھا کر لے جاتے ہیں جبکہ ایل پی جی مافیا اربوں روپے کما رہا ہے اور کارروائیوں کا سامنا دکانداروں کو کرنا پڑتا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ ساڑھے پانچ سو سے 600 روپے فی کلو خریدی جانے والی گیس 295 روپے میں کیسے فروخت کریں؟ گیس سستی ملے گی تو سستی فروخت کریں گے۔