غزہ میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، 70 ہزار بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب

شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے تقریباً 1500 ہنگامی کالز موصول ہوئیں


ویب ڈیسک November 08, 2026

غزہ میں سردیوں کی پہلی شدید بارش نے اسرائیلی حملوں سے بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں قائم خیمہ بستیاں زیرِ آب آگئیں، ہزاروں خاندانوں کا سامان، بستر، کمبل اور گدے بھیگ گئے جبکہ متعدد عارضی پناہ گاہیں رہنے کے قابل نہیں رہیں۔

گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70 ہزار خیمے بارش کے پانی سے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار بے گھر فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ خاندانوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی بڑی تعداد شامل ہے۔

غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے مطابق بارش شروع ہونے کے بعد صرف 10 گھنٹوں کے دوران شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے تقریباً 1500 ہنگامی کالز موصول ہوئیں۔ متعدد مقامات پر پانی کی سطح 30 سے 40 سینٹی میٹر تک بلند ہوگئی، جس سے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔