15 سالہ لڑکے کی 9ویں جماعت کی گونگی بہری طالبہ سے محبت کی شادی نے نئی بحث چھیڑ دی

کم عمر دولہے نے بتایا کہ میں شادی کے لیے اس قدر پرجوش تھا کہ رات کو بار بار اٹھ کر اپنی شیروانی دیکھتا تھا


ویب ڈیسک November 08, 2026

پاکستان میں 15 سالہ لڑکے کی 9ویں جماعت کی طالبہ سے محبت کی شادی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

سوشل میڈیا پر کم عمر جوڑے کی شادی سے متعلق ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں  کم عمر دولہے نے بتایا کہ میں شادی کے لیے اس قدر پرجوش تھا کہ رات کو بار بار اٹھ کر اپنی شیروانی دیکھتا تھا، دولہے نے بتایا کہ میری اپنی اہلیہ سے پہلی ملاقات ایک شادی کی تقریب میں ہوئی تھی جہاں اس نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی تھیں۔ اس کے بعد میں نے شادی کی پیشکش کی اور والدین نے رشتہ طے کیا۔

دولہے نے بتایا کہ جب میں نے اپنے والد کو اس لڑکی کے بارے میں بتایا تو والد نے کہا کہ دیکھ لو وہ لڑکی بول بھی نہیں سکتی اور سن بھی نہیں سکتی۔ شادی سے پہلے ہم دونوں کی اشاروں میں بات ہوئی اور  مجھے اس سے پہلی ہی نظر محبت ہوگئی تھی۔ ابتدا میں مجھے اہلیہ کے اشارے سمجھنے میں مشکل پیش آئی، لیکن وقت کے ساتھ میں نے اشاروں کی زبان سیکھ لی۔ دولہے نے کہا کہ شادی کے تحفے کے طور پر میں نے اپنی اہلیہ کو بوسہ دیا۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے کم عمری میں شادی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی تشہیر نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے کم عمر بچوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ کم عمر لڑکا ابھی اپنی اہلیہ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کے قابل بھی نہیں ہے۔ تاہم کئی صارفین نے اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا اور جوڑے کو دعائیں بھی دیں۔

واضح رہے کہ چند سال قبل اسی نوعیت کی ایک شادی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں 16 سالہ اسد نے نمرہ سے محبت کی شادی کی اور جوڑا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔