بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث مقبول بھارتی کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی نئی اقساط کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 84 سالہ اداکار کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے شو کی شوٹنگ گزشتہ ایک ہفتے سے متاثر ہے جبکہ انتظامیہ نے نئی اقساط کی ریکارڈنگ بھی فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چینل دیوالی کی خصوصی نشریات کے طور پر شو کی پرانی اقساط دوبارہ نشر کر رہا ہے جن میں مختلف مشہور شخصیات نے شرکت کی تھی۔ آخری بڑی سلیبرٹی قسط میں رنبیر کپور، سائی پلوی اور روی دوبے نے اپنی آنے والی فلم ’رامائن‘ کی تشہیر کے لیے شرکت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اس قسط کو فلم کی ریلیز کے موقع پر نشر کرنے کا منصوبہ تھا، تاہم امیتابھ بچن کی طبیعت کے باعث شیڈول تبدیل کرنا پڑا۔ اداکار کی صحت میں بہتری آنے پر آئندہ ہفتے سے شوٹنگ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔