اڈیالہ جیل میں عمران خان، بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ

ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں پمز اسپتال کی ٹیم عمران خان اور بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ کیا، اڈیالہ جیل ذرائع


عمران اصغر November 08, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا اور تجویز کی گئیں ادویات کا جائزہ لیا۔

اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم آج شام جیل پہنچی تھی اور انہوں نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر عارف خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا، بلڈ پریشر چیک کیا اور کولیسٹرول کی سطح کا جائزہ لیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تجویز کی گئیں ادویات کا بھی جائزہ لیا۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بشریٰ بی بی کا بھی مکمل طبی معائنہ کیا، جیل اسپتال کے طبی عملے نے معائنے کے دوران پمز کے ڈاکٹروں کی معاونت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم جیل سے روانہ ہوگئی۔