نک جونس کا ذیابیطس کے ساتھ 21 سالہ جدوجہد سے متعلق جذباتی انکشاف

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کہانی اس لیے شیئر کرتے ہیں تاکہ اس بیماری میں مبتلا بچے خود کو تنہا نہ سمجھیں


ویب ڈیسک November 09, 2026

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر اور معروف امریکی گلوکار نک جونس نے ذیابیطس کے ساتھ اپنی 21 سالہ جدوجہد سے متعلق جذباتی انکشافات کیے ہیں۔

نک جونس نے ذیابیطس سے آگاہی کی مہم کے تحت اپنی بیماری کے نام ایک کھلا خط لکھا جس میں انہوں نے روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔

گلوکار نے بتایا کہ نومبر 2005 میں محض 13 سال کی عمر میں انہیں ٹائپ ون ذیابیطس کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہیں مسلسل بلڈ شوگر چیک کرنا اور کھانے سے پہلے انسولین کی مقدار کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔

نک جونس نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات وہ سوچتے ہیں کہ اس بیماری کے بغیر ان کی زندگی کیسی ہوتی اور ذیابیطس کے شکار دوسرے افراد سے مل کر انہیں اپنائیت کا احساس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کہانی اس لیے شیئر کرتے ہیں تاکہ اس بیماری میں مبتلا بچے خود کو تنہا نہ سمجھیں اور اپنے خواب پورے کرنے کا حوصلہ رکھیں۔