نئی آٹو پالیسی سے چھوٹی پیٹرول گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہونے کی توقع

دستاویزات کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ 658 سی سی تک کی پیٹرول گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 75 ہزار روپے کمی کی جائے گی


ارشاد انصاری November 10, 2026

حکومت کی منظور کردہ نئی آٹو پالیسی کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے پیٹرول گاڑیوں کی قیمتیں 10 لاکھ روپے تک کم ہونے کی توقع ہے۔

دستاویزات کے مطابق مقامی طور پر تیار کردہ 658 سی سی تک کی پیٹرول گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 75 ہزار روپے کمی کی جائے گی جس کے بعد قیمت 32 لاکھ 20 ہزار سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے ہوجائے گی۔

998 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پیٹرول گاڑی 4 لاکھ 40 ہزار روپے سستی ہوگی، قیمت 42 لاکھ 70 ہزار سے کم ہوکر 38 لاکھ 30 ہزار روپے ہوجائے گی۔

دستاویزات کے مطابق 1496 سی سی تک کی پیٹرول ایس یو وی کی قیمت میں 7 لاکھ 40 ہزار روپے کمی ہوگی، جس کے بعد قیمت 60 لاکھ 60 ہزار سے کم ہوکر 53 لاکھ 20 ہزار روپے ہوجائے گی1498 سی سی تک کی پیٹرول ایس یو وی کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے کم ہوکر 91 لاکھ 60 ہزار روپے ہوجائے گی۔

موجودہ قیمت 94 لاکھ 40 ہزار روپے ہے دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ 1598 سی سی تک کی مقامی تیار کردہ پیٹرول جیپ کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کمی ہوگی، جس کے بعد قیمت ایک کروڑ 21 لاکھ سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے ہوجائے گی۔