کراچی میں کم عمر بچی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو معافی کے باوجود 14 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا

متاثرہ لڑکی کی جانب سے دوران ٹرائل ملزم کو معاف کیا گیا، جنسی استحصال سے ناقابل راضی جرم میں معافی نہیں دی جاسکتی، فیصلہ


ناصر بٹ November 10, 2026
(فوٹو : فائل)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے لیاقت آباد میں کم عمر بچی کو جنسی ہراساں کرنے والے ملزم کو 14 برس قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کی عدالت نے لیاقت آباد میں کم عمر بچی سے جنسی ہراسگی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم یاسر کو 14 برس قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ متاثرہ نابالغ بچی کی رضامندی کی قانون میں کوئی حیثیت نہیں۔ کم عمر لڑکی کا مرضی سے ملزم کے ساتھ جانا اجازت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔

متاثرہ لڑکی کی جانب سے دوران ٹرائل ملزم کو معاف کیا گیا، جنسی استحصال سے ناقابل راضی جرم میں معافی ملزم کی بریت کی بنیاد نہیں بن سکتی۔

تفتیشی افسر کی جانب سے متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ یا جائے وقوعہ کا معائنہ نہ کرنا تفتیشی خامی ہے۔ تفتیش کی خامی کی بنیاد پر ملزم کو بری نہیں کیا جاسکتا۔

متاثرہ لڑکی کی قابل اعتماد گواہی جنسی استحصال کے جرم کو ثابت کرنے کے لئے کافی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف مقدمہ 2023 میں لیاقت آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔