وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی کی مدت ملازمت میں توسیع، آئی بی اے سکھر کے وی سی کی ملازمت بڑھنے کا امکان

وزیر اعلی سندھ نے سمری منظور کرنے کے بجائے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے منگل کی صبح مختصر ملاقات کی ہے


صفدر رضوی November 10, 2026

سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ نے مزید ایک وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کو آئندہ چار سال کے لیے بھی وائس چانسلر تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیر اعلی ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلی کی منظوری کے بعد اب سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈاکٹر ثمرین حسین کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

ادھر مذکورہ ذرائع نے " ایکسپریس" کو بتایا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کی مدت ملازمت کی سمری بھی وزیر اعلی ہاؤس میں موجود ہے تاہم فی الحال اس سمری کو مسترد یا منظور کرنے کے بجائے وزیر اعلی سندھ نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو منگل کی صبح بلاکر ان سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات انتہائی مختصر اور رسمی نوعیت کی تھی جس میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کو ڈھائی سے تین منٹ کا وقت دیا گیا جس میں انھوں نے اپنی کارکردگی پیش کی۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ملازمت میں توسیع سے قبل بھی کسی وائس چانسلر سے ملاقات کی ہے۔

عمومی طور پر وزیر اعلی سندھ صرف ان امیدواروں سے ملاقات کرتے ہیں جن کا نام وائس چانسلر کے تقرر کے لیے پہلی بار سامنے آتا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر آصف شیخ کی مدت ملازمت میں بھی آئندہ 4 سال کے لیے توسیع کسی بھی وقت ممکن ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اکرام الدین اجن، اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر اربیلا بھٹو کی مدت ملازمت میں آئندہ چار سال کے لیے توسیع کی جاچکی ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعلی سندھ کی صاحبزادی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر نصرت شاہ کی مدت ملازمت میں بھی ماہ اگست میں توسیع ہوئی تھی۔

 اروڑ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد کھنڈ کی مدت ملازمت میں توسیع سیاسی و سفارشی بنیادوں پر ہوئی تھی یہ توسیع  اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی سفارش کی گئی تھی اور اسپیکر سندھ اسمبلی کی سفارش پر ملازمت میں توسیع کے لیے وزیر اعلی سندھ کو اپنی مسترد کردہ سمری کو ہی دوبارہ منظور کرنا پڑا تھا۔