کاربوہائیڈریٹس کو وزن بڑھنے، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دیگر صحت کے مسائل سے جوڑنے کا رجحان عام ہے، تاہم غذائیت کے ماہرین کے مطابق تمام کاربوہائیڈریٹس ایک جیسے نہیں ہوتے۔ چینی اور ریفائنڈ اناج سے تیار کردہ پراسیسڈ غذاؤں میں کاربس زیادہ جبکہ اہم وٹامنز اور معدنیات کم ہوسکتے ہیں، لیکن کئی قدرتی غذائیں کاربوہائیڈریٹس کے ساتھ جسم کو مفید اجزا بھی فراہم کرتی ہیں۔
اوٹس ایک غذائیت سے بھرپور ناشتے کا انتخاب ہیں۔ ان میں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ اوٹس میں تقریباً 70 فیصد کاربوہائیڈریٹس اور آٹھ گرام فائبر بتایا جاتا ہے، جبکہ یہ پروٹین کا بھی اچھا ذریعہ ہیں۔ فائبر کی موجودگی کولیسٹرول کی سطح میں بہتری اور دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
کیلے سال بھر دستیاب رہنے والا پھل ہیں۔ ایک کیلے میں تقریباً 31 گرام کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ پوٹاشیم، وٹامن بی 6 اور وٹامن سی موجود ہوتے ہیں۔ پوٹاشیم بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے اور دل کی صحت کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
شکر قندی ذائقے کے ساتھ غذائیت بھی فراہم کرتی ہے۔ اس میں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جبکہ وٹامن اے کی موجودگی اسے ایک مفید غذائی انتخاب بناتی ہے۔
کینو پانی سے بھرپور ترش پھل ہے اور اس میں تقریباً 15.5 گرام کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ یہ فائبر اور وٹامن سی کا اچھا ذریعہ ہے، جو دل کی صحت سمیت جسم کے مختلف افعال کے لیے اہم ہے۔
لوبیا میں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس کے ساتھ کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین بھی موجود ہوتے ہیں۔ یہ غذائی اجزا مجموعی صحت اور گردوں کی کارکردگی کے لیے مفید غذا کا حصہ بن سکتے ہیں۔
چنے بھی پروٹین، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان میں موجود فائبر اور دیگر غذائی اجزا ہاضمے اور دل کی صحت میں معاون ہوسکتے ہیں۔ بعض مطالعات میں چنوں سمیت دالوں کو متوازن غذا کے حصے کے طور پر مختلف بیماریوں کے خطرات کم کرنے سے بھی جوڑا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کاربوہائیڈریٹس کو مکمل طور پر ترک کرنے کے بجائے ان کے ذرائع اور مقدار پر توجہ دینی چاہیے۔ قدرتی اور فائبر سے بھرپور غذاؤں کا انتخاب، متوازن خوراک کے ساتھ، صحت کے لیے بہتر ہوسکتا ہے۔