بگ باس 20 میں والد کو خراجِ تحسین پر سلمان خان آبدیدہ

گلوکار موہت چوہان کی جانب سے سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا


ویب ڈیسک November 10, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان دیوالی کے خصوصی موقع پر نشر ہونے والے ’بگ باس 20‘ کے ’ویک اینڈ کا وار‘ ایپی سوڈ میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

گلوکار موہت چوہان کی جانب سے ان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو خراجِ تحسین پیش کیے جانے پر سلمان خان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

شو میں بطور مہمان شریک ہونے والے موہت چوہان نے گفتگو کے دوران سلمان خان سے کہا کہ وہ ان کے بڑے مداح ہیں، تاہم ان کے والد سلیم خان کے مداح اس سے بھی زیادہ ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے سلمان سے اجازت لے کر ایک پرانا گیت ’مجھے تم سے محبت ہے، مگر میں کہہ نہیں سکتا‘ گایا۔

یہ گانا 1963 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بچپن‘ کا ہے، جس میں سلیم خان نے اداکاری کی تھی۔ یہ ان کے فلمی سفر کا ابتدائی دور تھا، جب وہ ابھی بطور اسکرین رائٹر وہ شہرت حاصل نہیں کرپائے تھے جس نے بعد میں انہیں معروف جوڑی ’سلیم جاوید‘ کا حصہ بنایا۔

والد کے ماضی اور ابتدائی فلمی کیریئر سے جڑی یاد تازہ ہونے پر سلمان خان جذباتی ہوگئے۔ وہ اپنے آنسو چھپانے کے لیے چند لمحوں کے لیے دوسری جانب مڑ گئے، تاہم ان کی آنکھوں میں نمی واضح دکھائی دے رہی تھی۔

سلمان خان کے اس ردعمل نے نہ صرف شو میں موجود افراد بلکہ ٹی وی پر یہ منظر دیکھنے والے ناظرین کو بھی متاثر کیا۔