مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ برڈ فلو کی نئی ویکسین کی کامیاب آزمائش

تحقیق میں موجودہ ویکسینوں کی ایک بڑی کمزوری کی نشاندہی بھی کی گئی


ویب ڈیسک November 11, 2026

برڈ فلو کے خلاف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ نئی ویکسین نے ابتدائی تجربات میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر لی ہے جس کے بعد وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تیاری کے نئے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف کیمبرج اور اس کے ذیلی ادارے DIOSynVax کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ نئی ویکسین لگوانے والے تمام تجرباتی جانور برڈ فلو کی مختلف اقسام کے وائرسوں سے محفوظ رہے جبکہ روایتی ویکسین استعمال کرنے والے جانوروں میں سے صرف نصف کے قریب زندہ بچ سکے۔

سائنسی جرنل سیل رپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ نئی ویکسین نے چوہوں اور فیریٹس کو برڈ فلو کی جینیاتی طور پر مختلف اقسام کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کیا۔ ان تمام وائرسوں کے انسانوں کو متاثر کرنے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔

تحقیق کی قیادت یونیورسٹی آف کیمبرج کے پروفیسر جوناتھن ہینی نے کی جبکہ کینیڈا اور اٹلی کی مختلف لیبارٹریوں نے بھی آزادانہ طور پر اس ویکسین کی افادیت کی تصدیق کی۔

تحقیق میں موجودہ ویکسینوں کی ایک بڑی کمزوری کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

اس وقت حکومتوں کی جانب سے انسانی استعمال کے لیے ذخیرہ کی جانے والی برڈ فلو ویکسین عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ اے) کے وبائی انفلوئنزا سے بچاؤ کے پروگرام کے تحت منتخب کردہ مخصوص وائرس کی اقسام کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہیں جس کے باعث یہ ویکسین عموماً وائرس کی ایک خاص قسم کے خلاف مؤثر ہوتی ہے اور دیگر اقسام کے خلاف محدود تحفظ فراہم کرتی ہے۔

محققین کے مطابق وائرس اپنی جینیاتی ساخت میں مسلسل تبدیلیاں کرتے رہتے ہیں اس لیے روایتی طریقہ کار کے تحت تیار کردہ ویکسینوں کو بار بار اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہوتا ہے جس سے حکومتوں کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

نئی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسی ویکسین تیار کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے جو وائرس کی متعدد اقسام کے خلاف بیک وقت تحفظ فراہم کرے۔ تاہم، انسانوں میں اس ویکسین کی افادیت اور حفاظت جانچنے کے لیے مزید تحقیق اور کلینیکل آزمائشیں ضروری ہوں گی۔