امیر کی آسائش سستی، غریب کی روٹی مہنگی

ریاست کا کام صرف سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو زندگی کا تحفظ بھی دینا ہے


زاہدہ حنا November 11, 2026

ایک مہذب سماج کی پہچان صرف اس کی معاشی ترقی، بلند عمارتوں، بڑی گاڑیوں یا اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس سے نہیں ہوتی بلکہ اس بات سے ہوتی ہے کہ وہاں عام انسان کس قدر، عزت اور اطمینان کے ساتھ زندگی گزار سکتا ہے۔ ریاست کی معاشی پالیسی کا بنیادی مقصد عوام کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا،دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کو کم کرنا اور سماج کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنا ہونا چاہیے۔

پاکستان کی معاشی ترجیحات پر نظر ڈالیں تو ایک عجیب اور افسوس ناک تصویر سامنے آتی ہے۔ یہاں غریب آدمی کی روٹی مہنگی ہوتی جا رہی ہے جبکہ امیر طبقے کے مفادات کے تحفظ کے لیے مراعات اور سہولتوں کے نئے راستے تلاش کیے جاتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ حکومت کی نئی آٹو پالیسی کے نتیجے میں گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کی کمی کا امکان اور بعض ماڈلزکی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی ہے، یہ اپنی جگہ ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔ صنعتوں کو فروغ دینا، مقابلے کی فضا پیدا کرنا اور صارفین کو بہتر مصنوعات مناسب قیمت پر فراہم کرنا، کسی بھی حکومت کی ذمے داری ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا معاشی پالیسی کا اصل فایدہ صرف اس طبقے تک محدود رہنا چاہیے جو لاکھوں اور کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور کوٹھیاں خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔

دوسری طرف روٹی ،آٹا ،دودھ ،چینی ،بجلی اور گیس کے بڑھتے نرخ عام آدمی کے لیے سوہان روح بنے ہوئے ہیں۔ روٹی کی قیمت میں اضافہ ہوجائے تو یہ محض ایک تجارتی خبر نہیں ہوتی بلکہ کروڑوں خاندانوں کے روزمرہ وجود کا مسئلہ ہوتی ہے۔ ایک مزدور، رکشہ ڈرائیور، دکان کا ملازم یا دیہاڑی دار شخص جب شام کو گھر لوٹتا ہے تو اس کے لیے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کوئی خوش خبری نہیں ہوتی۔ اس کی پریشانی یہ ہے کہ اگلے دن بچوں کے لیے ناشتہ کہاں سے آئے گا ؟گھر کا راشن کیسے پورا ہوگا؟ اور بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد کرایہ اور دواؤں کے لیے پیسے کہاں سے بچیں گے؟

 گھروں کے چولہوں میں گیس کی فراہمی بھی لوڈشیڈنگ کی نذر ہو رہی ہے اور پورا ملک بتدریج ایل پی جی پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتا جا رہا ہے۔ جو کچھ عرصہ پہلے 280 سے 300 روپے فی کلو گرام دستیاب تھی، اس کی قیمت اس بار 650 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ایسے میں ایک عام مزدور اور کم آمدنی والا خاندان آخر اپنا چولہا کیسے جلائے؟ جب روٹی پکانے کا ایندھن ہی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو جائے تو حکومت کی معاشی ترجیحات پر سوال اٹھنا فطری ہے۔ غریب کے لیے مسئلہ اب صرف آٹا خریدنے کا نہیں بلکہ روٹی پکانے کا بھی بن چکا ہے۔

 یہی وہ مقام ہے جہاں حکومتی معاشی ترجیحات کا اصل امتحان شروع ہوتا ہے، دنیا کی ترقی پسند معاشی فکر نے ہمیشہ اس اصول پر زور دیا ہے کہ سماج کے وسائل کی تقسیم میں انصاف ہونا چاہیے۔ دولت پیدا کرنے والے محنت کشوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں ملنی چاہئیں اور جن طبقات کے پاس زیادہ دولت اثاثے اور معاشی طاقت ہے، انھیں ریاستی اخراجات میں نسبتاً زیادہ حصہ ادا کرنا چاہیے۔ ترقی پسند ٹیکس کا تصور اسی اصول پر قائم ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کاروبار یا سرمایہ کاری کو سزا دی جائے بلکہ یہ ہے کہ سماج میں دولت اور وسائل سے زیادہ فایدہ اٹھانے والے طبقات اپنی استطاعت کے مطابق زیادہ ٹیکس ادا کریں۔

 پاکستان میں معاملہ اکثر اس کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔ بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ عام صارف پر منتقل ہوتا ہے۔ ایک غریب خاندان جب آٹا ،خوردنی تیل ،دودھ یا روزمرہ ضرورت کی دوسری اشیا خریدتا ہے تو وہ بھی ٹیکس ادا کر رہا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس بڑی دولت، قیمتی جائیدادوں، غیر پیداواری اثاثوں اور غیر معمولی آمدنی رکھنے والوں پر موثر اور منصفانہ ٹیکس عائد کرنے کی سیاسی قوت اکثر کمزور پڑ جاتی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ سرکاری خزانے میں حصہ ڈالنے کے لیے غریب اور متوسط طبقے کو بار بار قطار میں کھڑا کیا جاتا ہے جبکہ بااثر طبقات کے لیے رعایتوں اور استثنا کی گنجائش باقی رہتی ہے۔

 یہ صورت حال صرف معاشی ناانصافی نہیں بلکہ ایک گہرا سیاسی اور سماجی تضاد بھی ہے۔ جب حکومت عوام سے قربانی کا مطالبہ کرتی ہے تو اسے پہلے یہ بتانا چاہیے کہ قربانی کا بوجھ سب پر یکساں کیوں نہیں پڑتا، اگر بجلی مہنگی ہوتی ہے تو کارخانوں سے لے کر گھروں تک ہر صارف متاثر ہوتا ہے مگر ایک کم آمدنی والے گھرانے کے لیے بجلی کے بل میں چند ہزار روپے کا اضافہ بھی اس کے پورے ماہانہ بجٹ کو تباہ کر سکتا ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹ خوراک اور دوسری اشیا کی قیمتیں بھی متاثر ہوتی ہیں۔ مہنگائی کا بوجھ صرف دکان پر ادا کی جانے والی رقم تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورے معاشی ڈھانچے میں پھیل جاتا ہے۔

 حکومتیں اکثر معاشی استحکام مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بات کرتی ہیں۔ یہ تمام چیزیں اہم ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ استحکام کس کے لیے اگر قومی معیشت کے اعدادوشمار بہتر ہو رہے ہوں لیکن عام شہری کی قوت خرید مسلسل کم ہو رہی ہو، اگر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی ہو لیکن مزدور کی اجرت سے گھر کا راشن پورا نہ ہوتا ہو، اگر نئی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں لیکن آٹا روٹی خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہو تو ایسے استحکام کی سماجی معنویت کیا ہے۔

ریاست کا کام صرف سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو زندگی کا تحفظ بھی دینا ہے۔ سرمایہ کاری اسی وقت پائیدار ترقی میں تبدیل ہوتی ہے، جب اس کے ثمرات وسیع تر سماج تک پہنچیں۔ صنعت کار کو بجلی ،ٹیکس اور درآمدات میں سہولت ملنی چاہیے لیکن اس سہولت کے ساتھ روزگار، مناسب اجرت، محنت کشوں کے حقوق اور صارفین کے مفادات کی ضمانت بھی ہونی چاہیے۔ کسی صنعت کو دی جانے والی رعایت کا جواز عوامی مفاد سے جڑا ہونا چاہیے نہ کہ محض منافع میں اضافے سے۔

پاکستان کو ایک ایسی ٹیکس پالیسی کی ضرورت ہے جو دولت کے ارتکاز کو کم کرے۔ زرعی آمدنی سمیت تمام بڑے معاشی شعبوں کو منصفانہ ٹیکس نظام کے دائرے میں لایا جائے، غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے، بڑے اثاثوں اور غیر پیداواری دولت پر موثر ٹیکس عائد ہو اور ٹیکس چوری کرنے والے طاقتور طبقات کو جواب دہ بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے خاندانوں کو بنیادی خوراک، تعلیم ،صحت ،رہائش اور ٹرانسپورٹ میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ کم از کم اجرت کو محض سرکاری نوٹیفکیشن تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مزدور کی اجرت کا تعین اس کی بنیادی ضروریات اور مہنگائی کی حقیقی شرح کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے۔ ریاست کو تعلیم اور صحت پر اخراجات بڑھانے چاہئیں تاکہ غریب خاندان بیماری یا بچوں کی تعلیم کے باعث قرضوں میں ڈوبنے پر مجبور نہ ہوں۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ غربت کوئی قدرتی آفت نہیں ، یہ معاشی اور سیاسی فیصلوں کا نتیجہ بھی ہوتی ہے۔ جب دولت چند ہاتھوں میں مرتکز ہو، جب محنت کی قدر کم ہو اور جب ریاستی پالیسیوں میں طاقتور طبقوں کی آواز عام شہری کی آواز سے زیادہ بلند ہو تو معاشی عدم مساوات بڑھتی ہے۔

ایک فلاحی ریاست کا تصور اسی وقت حقیقت بن سکتا ہے جب اس کی معاشی ترجیحات کا مرکز عام انسان ہو۔ امیروں پر ان کی استطاعت کے مطابق ٹیکس لگانا اور غریبوں کو بنیادی ضروریات زندگی میں ریلیف دینا کوئی خیرات نہیں بلکہ سماجی انصاف کا تقاضا ہے۔کیا اس ملک کی معیشت اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے چلائی جا رہی ہے یا ان کروڑوں انسانوں کے لیے بھی جن کی زندگی کا سب سے بڑا خواب یہ ہے کہ انھیں دو وقت کی روٹی،بچوں کی تعلیم اور ایک باعزت زندگی میسر آ سکے۔اگر نئی معاشی پالیسیوں سے گاڑیاں خریدنے والوں کو ریلیف مل سکتا ہے تو پھر غریب کے لیے گندم، آٹا، چاول، دالیں، سبزیاں اور گھی،آئل بھی سستے ہونے چاہیے ۔ اگر حکومت صنعت اور سرمایہ کاری کے لیے مراعات دے سکتی ہے تو مزدور کے لیے سستی بجلی، مناسب اجرت اور بنیادی خوراک کی ضمانت کیوں نہیں دے سکتی۔

معاشی ترقی کا اصل پیمانہ یہی ہونا چاہیے کہ سماج کے سب سے کمزور طبقے کی زندگی کتنی بہتر ہوئی ہے۔ جس معیشت میں امیر کے لیے آسائشیں سستی اور غریب کے لیے روٹی مہنگی ہوتی جائے، وہاں ترقی کے دعوے خواہ کتنے ہی بلند ہوں، انصاف کا بنیادی سوال اپنی جگہ قائم رہتا ہے۔