حاسدینِ اقبالؒ کے گھسے پٹے الزامات

علامہ اقبالؒ کا علمی قد کاٹھ اتنا بلند ہے کہ پچھلے سو سال سے ان کے مخالفین اور حاسدین کی سازشوں اور شرارتوں کی اہمیّت چاند پر تھوکنے کے سوا کچھ نہیں رہی


[email protected]

ہمسایہ ملک اور مغربی طاقتوں کے وظیفہ خوار اپنے ٹاسک سے کبھی غافل نہیں ہوئے لہٰذا وہ ڈیوٹی نبھانے کے لیے پاکستان کے نوجوانوں میں ذہنی انتشار پیدا کرنے کی شرارتیں کرتے رہتے ہیں۔ آج کل پھر وہ اس طرح کے شوشے چھوڑ رہے ہیں کہ اگر پاکستان نہ بنتا تو مسلمان ہندوستان میں بہت بڑی طاقت ہوتے۔ یا یہ کہ علامہ اقبال نے تو 1930ء؁ میں علیحدہ ملک کا نظرّیہ پیش نہیں کیا تھا۔

آج ہندوستان کے پچیس کروڑ مسلمان کیڑوں مکوڑوں کی طرح جی رہے ہیں جن کی نہ جان محفوظ ہے نہ مال اور نہ آبرو، اگر پاکستان نہ بنتا تو بھی اکثریت میں ہونے کے باعث دلی کی حکومت ہندؤں کی ہوتی، لہٰذا فوج اور پولیس ہندؤں کے کنٹرول میں ہی ہوتیں، تو اس صورت میں ہندوستان میں ساٹھ کروڑ مسلمان غلام ہوتے۔ اللہ تعالیٰ کی کروڑہا رحمتیں نازل ہوں بانیانِ پاکستان پر جنھوں نے چالیس پینتالیس کروڑ مسلمانوں کو آزاد کرالیا اور انتہائی تنگ نظر ہندؤں کی غلامی سے بچالیا۔

علامہ اقبالؒ کا علمی قد کاٹھ اتنا بلند ہے کہ پچھلے سو سال سے ان کے مخالفین اور حاسدین کی سازشوں اور شرارتوں کی اہمیّت چاند پر تھوکنے کے سوا کچھ نہیں رہی۔ تاریخی حقائق کے مطابق 1930ء؁ کے صدارتی خطبے سے پہلے ہی ہندوستان کے مسلمانوں کے مستقبل کے بارے میں علامہ اقبال کے ذہن میں ایک نقشہ تشکیل پاچکا تھا اور وہ اس بارے میں پوری طرح یکسو تھے۔ ویسے تو وہ عملی سیاست سے گریز کرتے تھے مگر ان کا عملی سیاست میں آنے کا واحد مقصد مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کا قیام تھا۔ علّامہ صاحب کے اکثر ناقدین ان کے صاحبزادے ڈاکٹر جاوید اقبال کی تحریروں سے سندلاتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال ہی کی تصنیف ’’زندہ رود‘‘ کے حوالے سے چند چیزیں قارئین کے ساتھ شیئر کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اقبال لکھتے ہیں۔

’’ 23 نومبر1930ء؁ کو علامہ اقبال کی دعوت پر مسلم اکابرین کا ایک اجتماع برکت علی محمڈن ہال لاہور میں منعقد ہوا، جس میں انھوں نے اجتماع کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا ، حالاتِ حاضرہ کے اعتبار سے شمالی ہند کے مسلمانوں کی ایک خاص کانفرنس کا انعقاد ضروری ہے، جس میں صوبہ سرحد، بلوچستان، پنجاب وسندھ کے نمائندے شریک ہوں اور ان صوبوں کے مسلمانوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے منظّم بنانے اور ان میں جوشِ عمل پیدا کرنے کی تدابیر اختیار کی جائیں‘‘۔

مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کا مطالبہ چونکہ اُس وقت تک مسلم لیگ کی پارٹی پالیسی کے مطابق نہیں تھا کیونکہ مسلم لیگ اس وقت ہندؤں کے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد کرنے کی بجائے علیحدگی پسندی کا الزام نہیں لگوانا چاہتی تھی، اس لیے علامہ اقبال نے بھی خطبے میں آزاد کی بجائے خودمختار ریاست کے الفاظ استعمال کیے (کیونکہ اس وقت وہ مسلم لیگ کے صدر تھے) مگر وہ خود ذہنی طور پر یکسو تھے اور آزاد ریاست کے حق میں مختلف لوگوں سے مضامین لکھواتے رہے‘‘۔ زندہ رُود میں جاوید اقبال لکھتے ہیں

’’عبدالسلام خورشید کے بیان کے مطابق انھی ایّام میں اخبار ’’انقلاب‘‘ میں مولانا مرتضیٰ احمد خان (میکش) نے چار مضامین یکے بعد دیگرے شائع کیے جن میں مسلمانوں کے لیے پنجاب، صوبہ سرحد، سندھ اور بلوچستان پر مشتمل ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا گیا اور ہندوؤں اور مسلمانوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے اپنے وطنوں کو آزاد کرانے کی کوشش کریں اور ایک دوسرے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اپنی تمام قوتیں انگریزی اقتدار کے خاتمے کے لیے وقف کردیں، ان مضامین پر ہندو اخبار ’’پرتاب‘‘ نے طنزاً لکھا کہ مسلمان اب اسلامستان بنانا چاہتے ہیں‘‘۔

عبدالسلام خورشید تحریر کرتے ہیں کہ میں نے والد مرحوم مولانا عبدالمجید سالک سے پوچھا کہ یہ مقالات مولانا مرتضیٰ احمد خان نے اپنے آپ لکھے یا کسی کے کہنے پر؟ انھوں نے بتایا کہ علامہ اقبالؒ کے ہاں ہمارا روز کا آنا جانا تھا اور علّامہ اُس وقت بھی علیحدہ مسلم مملکت کے قیام ہی کو ہندو مسلم مسئلے کا حل سمجھتے تھے لیکن مسلم لیگ سے وابستگی کی بناء پر وہ اس پوزیشن میں نہیں تھے کہ اس قسم کی تجویز پبلک طور پر خود پیش کرتے۔ اگر کرتے تو باقی مسلم قیادت سے ان کا رابطہ ٹوٹ جاتا۔ لہٰذا باہمی مشورے سے فیصلہ ہوا کہ یہ تجویز مولانا مرتضیٰ احمد خان کی وساطت سے پیش کرائی جائے۔ علامہ اقبالؒ نے مولانا موصوف کی رہنمائی کی جس کے نتیجے میں یہ مقالات چھپوائے گئے‘‘۔ جاوید اقبال آگے چل کر لکھتے ہیں

 ’’ 1929ء؁ کے اوائل میں جغرافیائی نقشہ جات بنانے میں ماہر ایک جرمن مہمان سے اقبال نے اس وقت کی مردم شماری کی رپورٹ پر انحصار کرتے ہوئے ہندو مسلم تناسب سے ہندوستان اور اس کے مختلف صوبوں کے نقشے تیار کروائے جن میں ہندو آبادی کیسری رنگ کے نقطوں سے اور مسلم آبادی سبز رنگ کے نقطوں سے ظاہر کی گئی۔ اقبال کے بھتیجے شیخ مختار احمد کے بیان کے مطابق، جن کے کمرے میں جرمن ماہر مقیم تھا اور نقشے بنانے کے کام میں مصروف تھا، ان نقشوں میں بالخصوص پنجاب اور بنگال کے صوبوں کے مختلف اضلاع میں بھی ہندو مسلم آبادی کی تفصیل دی گئی۔ غالباً 1966ء؁ یا 1967ء؁ میں اس جرمن مفکرِ پاکستان کی اس خدمت پر خراج تحسین ادا کرنے کی خاطر میں حکومتِ پاکستان نے سرکاری مہمان کی حیثیت سے پاکستان بلوایا تھا‘‘

’’اس ساری تفصیل سے یہ واضح ہوتا ہے کہ سیاسیات کے عملی میدان میں داخل ہوتے ہی اقبال کے ذہن میں برصغیر کے شمال مغرب میں مسلم اکثریتی صوبوں پر مشتمل ایک مسلم ریاست کا خاکہ ابھرنے لگا تھا جس کی جھلکیاں ان کی تقاریر اور تجاویز میں صاف دکھائی دیتی ہیں۔ وہ اپنی ذمے داری پر کوئی ایسا انقلابی تصور پیش کرنے سے بیشتر اس کے لیے زمین ہموار کرنا چاہتے تھے اور اسی خیال کے پیش نظر انھوں نے مسلم پریس کے ذریعے اس کے حق میں مضامین اور ادارئیے لکھوائے۔ مئی اور جون 1937ء؁ میں علامہ اقبال نے قائداعظم کے نام اپنے خطوط میں تو واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ ’’برصغیر میں شریعتِ اسلام کا نفاذ اور ارتقاء اتنی دیر تک ممکن نہیں جب تک یہاں ایک آزاد مسلم ریاست یا یارستیں وجود میں نہ لائی جائیں، کئی برسوں سے میرا یہ عقیدہ رہا ہے، کیا آپ کے خیال میں اس مطالبے کا وقت آن نہیں پہنچا؟‘‘

ہندؤں کی تنگ نظری اور ان کا معاندانہ طرزِ عمل دیکھ کر مسلم لیگ نے اقبالؒ کے نظرئیے کو دل و جان سے تسلیم کرلیا اور اسی نظرئیے کی روشنی میں 1940ء؁ میں مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کا مطالبہ کردیا۔ ’’علامہ اقبال کی پوری سیاسی فکر اور عملی جدّوجہد کے پس منظر میں، جب ہم ان کے خطبۂ صدارت اور قائداعظم کے نام ان کے خطوط کو بنظرِ غائر دیکھتے ہیں تو ہماری آنکھوں کے سامنے پاکستان کی نہایت واضح بہت ہی صاف اور کاملّا جامع تصویر اجاگر ہوتی ہے‘‘۔

پاکستان کا لفظ کیمبرج یونیورسٹی کے طالب علم چوہدری رحمت علی نے (علاّمہ اقبال کے مشورے سے) coinکیا تھا،کیمبرج کے یہ طلباء بھی علامہ اقبال کی 1930ء؁ کی تقریر سے متاثر ہوئے تھے مگر رحمت علی انتہا پسندی کی حد تک جذباتی تھے جو ہندؤں کے اکثریتی صوبوں میں بھی آزاد ریاستیں مثلاً صدیقستان، فاروق الستان، حیدرستان اور عثمانستان وغیرہ قائم کرنے کی خیالی اور بچگانہ تجویزیں دیتے پھرتے تھے، اسی لیے علامہ اقبالؒ اور قائداعظم نے رحمت علی کی ناقابلِ عمل اسکیم (جسے وہ ’’پاکستان اسکیم‘‘ کا نام دیتے تھے) سے اپنے آپ کو الگ رکھا اور اسی لیے علّامہ اقبال کہا کرتے تھے کہ ’’کیمبرج کے لڑکوں والی اسکیم سے میرا تعلق مت جوڑو‘‘۔

علامہ اقبال پر انگریز دوستی کے الزام کا جاوید اقبال نے بہت مدلّل جواب دیا ہے۔ لکھتے ہیں

’’اگر اقبال انگریز دوست ہوتے تو بڑے اہم مراتب حاصل کرکے اپنی زندگی کو مالی اعتبار سے کامیاب بناسکتے تھے مگر انھوں نے تنگ دستی کی زندگی گزاردی۔ ان کی زندگی کا سرسری مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کسی صورت میں بھی انگریزوں کی ملازمت کرنے کے لیے تیار نہ تھے۔ انگلستان سے واپس آکر گورنمنٹ کالج لاہور میں فلسفے کے پروفیسر مقرر ہوئے، مگر کچھ مدت کے بعد ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے ملازم علی بخش کے بیان کے مطابق جس روز وہ استعفا دے کر واپس آئے تو میں نے پوچھا کہ آپ نے نوکری کیوں چھوڑدی، تو انھوں نے جواب دیا، ’’علی بخش انگریز کی ملازمت میں بڑی مشکل یہ ہے کہ میرے دل میں کچھ باتیں ہیں جنھیں میں لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہوں مگر انگریز کا نوکر رہ کر انھیں کھلم کھلا نہیں کہہ سکتا۔ اب میں بالکل آزاد ہوں جو چاہے کروں، جو چاہے کہوں‘‘۔ اِسی آزادی کی خاطر انھوں نے انگریزی حکومت کا انڈین ایجوکیشن سروس میں پیش کردہ عہدہ قبول نہ کیا۔ اسی خیال سے علی گڑھ میں فلسفے کی پروفیسری اور کئی اورعہدے ٹھکرادیئے۔

اگرچہ حاسدینِ اقبالؒ کے تمام الزامات فرسودہ اور گھسے پٹے ہیں مگر جب تک بیرونی طاقتوں کے وظیفہ خواروں کو مال ملتا رہے گا، وہ چاند پر تُھوکنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔