وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے بری امام ہاؤس نامی عمارت کو قبضے کی جگہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نام سے کوئی عمارت سرکاری ریکارڈ پر موجود نہیں، جبکہ بری امام دربار کی جگہ الگ حصوں میں سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے۔ سی ڈی اے نے عدالت سے حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا کر دی۔
سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت مقدمے میں حکم امتناع ختم کرانے کے لیے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے اپنا جواب جمع کرا دیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق نور پور شاہان کی زمین ماضی میں ایکوائر کی جا چکی ہے اور اس کے مالکان کو ادائیگیاں بھی کی جا چکی ہیں۔ بری امام دربار کی جگہ الگ خسروں میں سرکاری ریکارڈ میں درج ہے، جبکہ بری امام ہاؤس نامی عمارت کا حضرت بری امام دربار کی جگہ سے کوئی تعلق نہیں۔
جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محض کسی عمارت کو بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو اس زمین پر کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہوتا۔ محل وقوع اور محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق بری امام ہاؤس اور بری امام دربار دو الگ الگ مقامات ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق درخواست گزار کے پاس بری امام ہاؤس کی جگہ پر قبضے یا اسے استعمال کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔
عدالت نے سی ڈی اے کا جواب لیے بغیر حکم امتناع جاری کیا، جبکہ اتھارٹی کو درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے۔ سی ڈی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ کیس رواں ہفتے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔