مریم نواز نے جو کام کردیے وہ چوہدریوں کی 3 نسلیں نہیں کر سکیں، عظمیٰ بخاری کا چوہدری سالک کو جواب

مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو 50 سال سے ظہور الٰہی،شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نہیں دے سکے


عائشہ صغیر November 11, 2026

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سالک حسین کی گفتگو سے لگ رہا وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں،  چوہدریوں کے خاندان کو پہلے امتحان میں مونس نے ڈالا دوسرے امتحان میں سالک نے ڈال دیا ہے، چوہدریوں  کی وضع دار اور رکھ رکھاؤ والی سیاست کو ان دو نالائق بچوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ  جس شریف خاندان نے انہیں چوہدری بنایا ان کو دھوکہ دینے کی ان کی ایک تاریخ بن گئی ہے، موصوف چوہدری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہو گئے ہیں، جو خواتین کی تضحیک کریں وہ کم از کم وضع دار نہیں ہو سکتے، ایک ہفتے سے مریم نواز کے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ  اگر نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں، کرپشن کا راگ بھی الاپتے ہیں فنڈز بھی مانگتے یہ دوغلی سیاست کیسے کرلیتے؟  مریم نواز نے گجرات میں جو کام کر دیے ہیں وہ آپ کی تین نسلیں بھی نہیں کر سکیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو 50 سال سے ظہور الٰہی،شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نہیں دے سکے، ٹی وی پر بھاشن مت دیں استعفے دیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں آپ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔