سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت فکس کرنے کے سسٹم سے باہر نکلے، لبریکنٹ آئل کی طرح پیٹرول کی قیمت بھی ڈی ریگولیٹ کی جائے، روز رات بارہ بجے قیمت تبدیل ہونے سے عوام کو پتہ ہی نہیں چلتا، پرائس فکسنگ سے باہر نکلنے کی تحریری سفارش حکومت کو دی ہے، مارکیٹ کو قیمت طے کرنے دی جائے، جس پمپ کو جتنے کا پیٹرول بیچنا ہے اسے اجازت دی جائے، پیٹرول کی قیمتوں میں مقابلہ پیدا ہوگا تو عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔
سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کراچی میں طبی آلات اور ادویات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کی کمی دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے، بیڈز، میڈیکل اور سرجیکل آلات کی فراہمی سے حکومت پر بوجھ کم ہوگا، اسپتالوں کو بہتر سے بہتر انداز میں چلانا ہماری کوشش ہے، جہاں بیڈز ہی نہ ہوں وہاں اعتراض کا کوئی فائدہ نہیں، خراب بیڈز ٹھیک کر دیے گئے ہیں، عطیہ شدہ آلات مختلف ممالک کی این جی اوز کے ذریعے آتے ہیں، اپنے وسائل اور رابطوں سے اسپتالوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقے کے اسپتالوں میں بہتر مشینیں فراہم کرتا رہوں گا، جس سامان کی ضرورت نہیں ہوگی وہ ہم دیگر اسپتالوں کو دیں گے، ہم نے جناح اور سول اسپتال کو بھی سامان فراہم کیا ہے، کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں، میرے حلقے میں 40 اسپتال ہیں، ہر اسپتال کی ضرورت پوری کروں گا، سول اسپتال کو سو بیڈز کی ضرورت ہے، فراہمی کی کوشش کریں گے، کراچی کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینیٹرز بھی یہ کام کریں، دیگر علاقوں کے سینیٹرز بھی اپنے علاقوں میں کام کریں۔
ایم ایس ڈاکٹر شمائلہ سہیل نے کہا کہ ہمارے اسپتال میں مزید سامان کی ضرورت ہے، کوشش ہے کہ اسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں، اسپتال میں صرف سرکاری ملازمین اور ان کی فیملی کا علاج کیا جاتا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کے دورہ میں مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور لاکھوں روپے کا قیمتی سامان انتظامیہ کو عطیہ کیا۔