فیفا صدر بننے کی دوڑ میں نیا امیدوار، کامیابی پر سالانہ صرف 1 ڈالر تنخواہ لینے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی انتخاب میں مقابلہ ہونا ضروری ہے اور انفینٹینو کو بھی چیلنج کیا جانا چاہیے


ویب ڈیسک November 11, 2026

برطانوی یونیورسٹی کے لیکچرار پیٹر اوف ڈیر ہائیڈ نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کے خلاف مارچ 2027 میں ہونے والے انتخاب میں حصہ لینے کی تیاری شروع کردی۔ انہوں نے کامیابی کی صورت میں سالانہ صرف ایک ڈالر تنخواہ لینے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقی شہری پیٹر اوف ڈیر ہائیڈ اس وقت ساؤتھمپٹن سولنٹ یونیورسٹی میں صحافت پڑھاتے ہیں۔ وہ ماضی میں جرمنی کی خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کے اسپورٹس ایڈیٹر رہ چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقا میں گراہمز ٹاؤن سوکر ایسوسی ایشن کے صدر اور 1990 کی دہائی کے آغاز میں سیکنڈ ڈویژن کلب یو ڈی ڈبلیو ایف سی کے مالک اور منتظم بھی رہے ہیں۔

بی بی سی ریڈیو سولنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی انتخاب میں مقابلہ ہونا ضروری ہے اور انفینٹینو کو بھی چیلنج کیا جانا چاہیے تاکہ جواب دہی اور شفافیت یقینی بنائی جاسکے۔

فیفا صدارت کے انتخاب میں باضابطہ امیدوار بننے کے لیے انہیں کم از کم پانچ قومی فٹبال ایسوسی ایشنز کی نامزدگی درکار ہوگی۔ امیدواروں کو 18 نومبر تک انتخاب میں حصہ لینے کے ارادے کی تصدیق کرنا ہے۔

پیٹر اوف ڈیر ہائیڈ نے کہا کہ وہ ممالک سے ووٹ نہیں بلکہ نامزدگی مانگ رہے ہیں کیونکہ باضابطہ امیدوار بننے کے بعد ہی دوسرے امیدواروں سے ایسے سوالات کیے جاسکتے ہیں جو اس سے پہلے ممکن نہیں۔

انہوں نے انفینٹینو کی گزشتہ سال تقریباً 60 لاکھ ڈالر سالانہ آمدن کو غیرمعقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا صدر کے لیے ساڑھے چار لاکھ ڈالر مناسب تنخواہ ہے۔ ان کی تجویز ہے کہ وہ خود سالانہ ایک ڈالر لیں گے اور اگر چار سال کے دوران اپنے وعدے پورے کیے تو باقی رقم حاصل کریں گے۔

دوسری جانب سابق آرسنل منیجر آرسین وینگر بھی ممکنہ طور پر انتخاب لڑنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ جاپان فٹبال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوزو تاجیما اور سابق ٹوٹنہم و سوئٹزرلینڈ کے فٹبالر رامون ویگا کے نام بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

جیانی انفینٹینو چوتھی اور آخری مدت کے لیے صدارت کے خواہش مند ہیں۔ وہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ انہیں عالمی فٹبال برادری کی بھاری اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے عہدہ چھوڑنے کے امکان کو بھی مسترد کیا ہے۔