ساف چیمپئن شپ 2026 میں بھارت نے مالدیپ کو ایک صفر سے شکست دے کر پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی بنا دی۔ پاکستان گروپ بی میں تین پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہا جبکہ بھارت چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے۔
ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے سہیل احمد بھٹ نے 38ویں منٹ میں پنالٹی پر فیصلہ کن گول کیا۔ یہ پنالٹی عبدالرابیہ کو حریف کھلاڑی کی جانب سے باکس میں فاؤل کیے جانے پر ملی۔ مالدیپ کو دونوں میچز میں شکست ہوئی، ٹیم کوئی گول نہ کرسکی جبکہ اس کے خلاف چار گول ہوئے۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز بھارت کے ہاتھوں 3-2 کی شکست سے کیا تھا، تاہم اتوار کو مالدیپ کو 3-0 سے ہرا کر کم بیک کیا۔ اس میچ میں 19 سالہ اسٹرائیکر نجیب اللہ خان نے پہلے ہاف میں دو گول کیے تھے۔ پاکستان نے گروپ مرحلے میں مجموعی طور پر پانچ گول کیے اور تین گول کھائے، یوں اس کا گول فرق پلس دو رہا۔
پاکستان اب ہفتہ 14 نومبر کو سیمی فائنل میں گروپ اے کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔ اس گروپ میں میزبان بنگلہ دیش کے تین پوائنٹس ہیں جس نے بھوٹان کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔ سری لنکا اور بھوٹان کا میچ 2-2 سے برابر رہنے کے بعد بنگلہ دیش نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
بنگلہ دیش آج سری لنکا کے خلاف گروپ کا آخری میچ کھیلے گا۔ کامیابی یا ڈرا کی صورت میں بنگلہ دیش گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کے مدمقابل آئے گا جبکہ سری لنکا کی جیت اسے ٹاپ پوزیشن دلا دے گی۔ ایسی صورت میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
بھارت گروپ بی میں پہلے نمبر پر آنے کے باعث دوسرے سیمی فائنل میں گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے کھیلے گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو ہوگا۔