رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت تقریب، ایشین چیمپئن اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم

4 کھلاڑیوں میں فی کس 10 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے


ذوالفقار بیگ November 11, 2026

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے صدر رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوران 23 ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026ء میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی قومی مردوں کی ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں کیش پرائز کی تقسیم  کی گئی۔

پاکستان کے کھلاڑی نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان میں فی کس 10 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

 3 سے 7 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے اس براعظمی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔جس میں نور زمان نے جونگ من ریو کو اور محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر فتح یقینی بنائی۔

رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی اور اس کامیابی کو قومی فخر کا باعث قرار دیا، انہوں نے کہا کہ حکومت بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیل کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے قومی ٹیم کی محنت، نظم و ضبط اور لگن کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی فتح ملک میں اسکواش کی ترقی اور نئی نسل کی ترغیب کا باعث بنے گی۔