ذیابیطس کے خلاف 6 ارب 80 کروڑ کا قومی پروگرام تیار

اسکریننگ،آگاہی، ابتدائی تشخیص اور علاج کی سہولیات کومربوط کیاجائے گا


فاران خان November 12, 2026

کراچی:

پاکستان میں ذیابیطس کے خلاف 6 ارب 80 کروڑروپے کا قومی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے جس سے صرف 30 سیکنڈ میں مرض کا پتہ لگے گا۔

پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کیلیے قومی سطح پر جامع پروگرام تیارکرلیاگیا،جس کے تحت ملک بھر میں عوام کی اسکریننگ، بیماری سے متعلق آگاہی، ابتدائی تشخیص اور علاج کی سہولیات کو مربوط کیاجائے گا۔

پروگرام کاآغاز اسلام آبادسے ماڈل منصوبے کے طور پرکرنے اور بعد ازاں دیگر صوبوں تک وسعت دینے کامنصوبہ ہے۔

پروگرام میں پاکستانی افرادمیں ذیابیطس کے خطرے کافوری جائزہ لینے کیلیے RAPID اسکورکو بھی استعمال کیاجائیگا، جس کے ذریعے صرف تین بنیادی سوالات کی مددسے تقریباً 30 سیکنڈمیں کسی شخص میں ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کا ابتدائی اندازہ لگایا جاسکے گا۔

ڈائریکٹر انڈس ذیابیطس اینڈ اینڈوکرائن سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط نے بتایاکہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعدادمسلسل بڑھ رہی ہے اور اب یہ بیماری صرف بڑی عمر کے افراد تک محدودنہیں رہی، بلکہ بچوں میں بھی ذیابیطس کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

ان کاکہنا تھاکہ ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے مسئلے سے نمٹنے کیلیے کئی سال سے قومی سطح پر اقدامات کی ضرورت پرزوردیاجارہا تھا، جس کے نتیجے میں وزیراعظم کے پروگرام برائے انسداد اورکنٹرول ذیابیطس کے تحت جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

پروگرام کی باقاعدہ تاریخوں اور عملی آغاز سے متعلق تفصیلات جلدسامنے آنے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس کے خطرے کی ابتدائی شناخت کیلیے RAPID اسکور استعمال کیاجائیگا۔

اس طریقے میں کسی خون کے ٹیسٹ یا پیچیدہ طبی معائنے کے بغیر عمر، پیٹ کی گولائی اور خاندان میں ذیابیطس کی موجودگی سے متعلق تین سوالات پوچھے جاتے ہیں۔

ان کے جوابات کی بنیاد پر مجموعی اسکور مرتب ہوتا ہے، جس سے معلوم کیاجاسکتا ہے کہ کسی شخص کوذیابیطس لاحق ہونے کاخطرہ کتنا ہے اور اسے مزیدطبی ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔

RAPID اسکورکے مطابق پہلا سوال عمر سے متعلق ہے۔ 40 سال سے کم عمر افرادکوصفر نمبر، 40 سے 60 سال کی عمرکے افرادکو ایک نمبر جبکہ 60 سال سے زائدعمروالوں کو تین نمبر دیے جاتے ہیں۔