سندھ حکومت کا یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی، قیمتوں میں اضافے پر ڈیلرز کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی فروخت میں ملوث ڈیلرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائ، صوبائی وزیر کی ہدایت


اسٹاف رپورٹر November 12, 2026

کراچی:

صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے ربیع سیزن کے دوران یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافے، ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور جعلی کھاد، بیج و زرعی ادویات کی فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری زراعت سندھ محمد زمان ناریجو، ڈی جی زرعی توسیع اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی فروخت میں ملوث ڈیلرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

صوبائی وزیر نے سیکریٹری زراعت سندھ ، ڈی جی زرعی توسیع اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو سخت اقدامات کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی جی زرعی توسیع کو حیدرآباد میں کاشتکاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیا۔

سردار محمد بخش خان مہر نے کھاد کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ ڈیلرز کو یوریا کھاد کی بروقت اور مطلوبہ مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور کھاد کی سپلائی میں تعطل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے زرعی افسران کو کھاد کی دستیابی، سرکاری نرخوں پر فروخت اور مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش خان مہر کا کہنا تھا کہ ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کو سرکاری نرخوں پر کھاد کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، آبادگاروں کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔