میں اور بلاول بھٹو سسٹم ری سیٹ کرنے کے معاملے پر تقریباً ایک پیج پر ہیں، محسن نقوی

صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کروا کر عوام کی رائے لے لیں۔ عوام صوبوں کے حق میں رائے دیں تو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے


عامر نوید November 12, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ کھلی کچہری میں چھ بچیوں نے انصاف نہ ملنے پر خودکشی کرنے کی بات کی تھی، این سی سی آئی اے نے تمام بچیوں کی دادرسی کی۔ این سی سی آئی اے کے کمپلینٹ سسٹم کو نادرا سے منسلک کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے تعلیم کے نام پر فراڈ کرنے والے بین الاقوامی گینگ کو پکڑا ہے، گینگ نے پانچ ہزار پاکستانیوں کو بین الاقوامی اداروں کی جعلی ڈگریاں دلوائیں۔ اگر اس گینگ کو کنٹرول نہ کیا جاتا تو بڑا نقصان ہو سکتا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق لاہور میں پورنوگرافی کے دھندے میں ملوث 15 ملزمان کو مختلف واقعات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے کے اہلکار بہت زیادہ کام کر رہے ہیں، اگر انہیں مزید وسائل فراہم کیے جائیں تو ایسے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ دو تین روز سے افواہیں سن رہے ہیں، یہ باتیں صرف چند دن کے لیے ہو سکتی ہیں، ریلیف صرف عدالت ہی دے سکتی ہے۔ تحریک انصاف کو بھی عدالت کے ذریعے انصاف ملے گا۔ ہر سیاسی جماعت کو دوسری جماعت سے مختلف رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کروا کر عوام کی رائے لے لیں۔ ہم سب جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، اگر عوام صوبوں کے حق میں رائے دیں تو اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی اپنی مرضی ہے، وہ عوام کی رائے لے لے یا اگر اس سے بہتر کوئی راستہ سمجھتی ہے تو وہ اختیار کرے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف مولانا کو نوٹس جاری نہیں ہوا بلکہ چھ ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ سی ڈی اے میں بے تحاشا کرپشن ہے اور پورے پاکستان میں کرپشن ہو رہی ہے۔ سسٹم ری سیٹ کرنے کے معاملے پر وہ اور بلاول بھٹو تقریباً ایک پیج پر ہیں، سسٹم ری سیٹ کرنے کے حوالے سے میں اور بلاول تقریبا سیم پیج پر ہیں۔