پشاور کی احتساب عدالت میں اپر کوہستان کرپشن اسکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی جہاں اسکینڈل میں ملوث نیشنل بینک داسو برانچ کے سابق کیشیئر مشرف شاہ نے پلی بارگین کی درخواست دے دی۔
احتساب عدالت پشاور کے جج محمد حامد مغل نے مشرف شاہ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا اور ان کی 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار 424 روپے کی پلی بارگین درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں اور رقوم حکومت خیبر پختونخوا کے حق میں ضبط کرنے اور ملزم کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا، تاہم نیب آرڈیننس کے تحت ملزم کو سزا یافتہ تصور کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
نیب کے مطابق اپر کوہستان اسکینڈل میں 37 ارب سے زائد روپے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے سے نکالے گئے، ترقیاتی منصوبے گراؤنڈ پر موجود نہیں ہیں لیکن پیسے نکالے گئے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ نیب کے مطابق اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران ملزم مشرف شاہ کو حراست میں لیا گیا تھا اور ملزم نے رضاکارانہ طور پر پلی بارگین کی درخواست دی، جس پر نیب حکام نے ملزم کے ذمے مجموعی طور پر 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار 424 روپے کی واجب الادا رقم مقرر کی۔
عدالت نے نیب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے اپنی اہلیہ، بھائی اور دوست کے ناموں اور بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا، جنہیں اب سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے، ملزم کی اہلیہ کے نام ایبٹ آباد میں بنگلہ اور بشام میں تین کنال مکان اور نجی تعمیراتی کمپنیوں کے بیک اکاؤنس میں موجود 40کروڑ سے زائد رقم بحق سرکار ضبط کی جائے۔
احتساب عدالت نے فیصلہ میں کہا ہے کہ ملزم مشرف شاہ، اس کی اہلیہ، بھائی اور دوست کے بیانات کسی دباؤ یا جبر کے بغیر رضاکارانہ طور پر دیے گئے ہیں لہٰذا پلی بارگین کی درخواست کی توثیق کی جاتی ہے۔