بندۂ مومن کے لیے آداب خور و نوش

آپؐ نے پیٹ بھر کر کھانے سے سختی سے منع فرمایا اور یہ سنہری اصول عطا کیا کہ انسان کے لیے چند لقمے ہی کافی ہیں جو اس کی کمر کو سیدھا رکھیں


فوٹو: فائل

 کائنات کے ہر ذرّے میں جس نُورِ سرمدی اور تجلیاتِ ازلی کی ضیا پاشیوں کا راج ہے، وہ ذاتِ مقدس حضور روح کائنات، شفیعِ مذنبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ہے۔ بساطِ کونین کی تخلیق کا محور اور مقصود ہی یہی ہستیِ والا صفات ہے، جن کے صدقے میں زمین و آسمان، شمس و قمر اور کائنات کی تمام نعمتیں معرضِ وجود میں آئیں۔

جن کے نعلینِ پاک کی خاک کو تاج داروں نے اپنے سروں کا تاج بنایا، جن پر لامتناہی نعمتوں اور خزانوں کے دہانے کھول دیے گئے، مگر انھوں نے شاہانہ جاہ و جلال پر فقرِ اختیاری، عاجزی اور درویشانہ سادگی کو ترجیح دی۔ حضور جان عالم ﷺ نے اس دنیائے فانی میں زندگی اس شان سے بسر کی کہ اکثر ایسا ہوتا کہ ایک وقت کھانا نوش فرماتے تو دوسرا وقت فاقہ یا بھوکے رہ کر گزرتا، تاکہ یادِ الٰہی، شکرِ نعمت اور صبرِ جمیل کا ایسا دل کش اور لازوال امتزاج قائم ہو جائے جو تاقیامت امت کے لیے مشعلِ راہ بن جائے۔ آپ ﷺ کا ہر فعل، ہر ادا اور دسترخوان کا ہر گوشہ اسوۂ کامل کی ایسی تاب ناک تصویر ہے جس میں طبعی اعتدال، روحانی طہارت اور جسمانی عافیت کے تمام راز پنہاں ہیں۔

جب حضور سید عالم ﷺ نے تناول فرمایا تو کائنات کی وہ پاکیزہ، متبرک اور طبعی اعتبار سے بہترین غذائیں چنیں جو ظاہری لذت کے ساتھ باطنی نور اور تن درستی کی ضامن تھیں۔ احادیثِ مبارکہ اور سیرتِ طیبہ کے مستند مآخذ سے آپ ﷺ کی مرغوب ترین غذاؤں اور عاداتِ کریمانہ کا جو تفصیلی نقشہ ابھرتا ہے، وہ انسانی عقل کو دنگ کر دیتا ہے۔

اجناس میں جو کی روٹی (خبز الشعیر) آپ ﷺ کی مرغوب ترین خوراک تھی۔ آپ ﷺ جو کی روٹی کو بغیر چھانے استعمال فرماتے، جو جسمانی صحت کا بہترین امتزاج تھی۔ گوشت کے حوالے سے احادیث میں صراحت موجود ہے کہ آپ ﷺ کو بکری یا دنبے کا گوشت پسند تھا اور بالخصوص دستی کا حصہ آپ ﷺ کو مرغوب تھا، کیوں کہ یہ طبی نقطۂ نظر سے جلد ہضم ہونے والا ہوتا ہے۔ تمام کھانوں میں ’’ثرید‘‘ کو سردار مانا گیا ہے، جو روٹی کے ٹکڑے کرکے گوشت کے لذیذ اور قوی شوربے میں تیار کیا جاتا تھا۔ سیدہ عائشہ صدیقہؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے ثرید کی فضیلت تمام کھانوں پر بیان فرمائی۔

سبزیوں اور پھلوں کے انتخاب میں بھی حکمتِ بالغہ کارفرما تھی۔ سبزیوں میں حضور جان عالم ﷺ کو کدو (الدبّاء) بے حد پسند تھا۔ حضرت انس بن مالکؓ راوی ہیں کہ انھوں نے ایک دعوت میں دیکھا کہ رسول اﷲ ﷺ پیالے کے اطراف سے کدو تلاش کرکے نوش فرما رہے تھے، اور اسی دن سے وہ خود بھی کدو کے عادی ہوگئے، جو کہ معدے کی اصلاح اور قلب کو فرحت بخشنے کے لیے اکسیر ہے۔ پھلوں میں مدینہ منورہ کی عجوہ کھجور آپ ﷺ کی محبوب ترین غذا تھی، جس کے متعلق آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ (مفہوم) جو شخص صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لے، اس دن اسے زہر اور جادو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اسی طرح انگور، انار، انجیر اور زیتون کے مبارک پھلوں سے آپ ﷺ کی رغبت احادیث سے ثابت ہے۔

طبِ نبوی ﷺ کی ایک اور لطیف حکمت یہ ہے کہ آپ ﷺ تازہ کھجور کو تربوز یا ککڑی کے ساتھ ملا کر نوش فرمایا کرتے تھے اور حکیمانہ انداز میں ارشاد فرماتے تھے، مفہوم: ’’ہم اس کی گرمی کو اس کی سردی سے اور اس کی سردی کو اس کی گرمی سے اعتدال پر لاتے ہیں۔‘‘ روغنیات و مشروبات میں زیتون کا تیل، سرکہ جسے آپ ﷺ نے بہترین سالن قرار دیا، شہد کا شربت، کشمش یا کھجور سے تیار کردہ اشیاء، خالص دودھ اور آبِ زم زم آپ ﷺ کے دسترخوان کی دائمی زینت رہے۔

سیرتِ طیبہ ﷺ کا مطالعہ ہمیں آدابِ طعام کے اس فلسفے سے بھی روشناس کراتا ہے جو صرف خوراک تک محدود نہیں بلکہ تن درستی کا ضامن ہے۔ آپ ﷺ زمین پر بیٹھ کر تواضع کے ساتھ کھانا تناول فرماتے، تین انگلیوں سے طعام لیتے۔ کبھی کسی کھانے میں عیب نہیں نکالا، اگر پسند آیا تو نوش فرمایا ورنہ خاموش رہے۔ کھانے کا آغاز بسم اﷲ سے اور اختتام حمد و شکر سے ہوتا۔ اس کے ساتھ آپ ﷺ نے پیٹ بھر کر کھانے سے سختی سے منع فرمایا اور یہ سنہری اصول عطا کیا کہ انسان کے لیے چند لقمے ہی کافی ہیں جو اس کی کمر کو سیدھا رکھیں۔

 تاریخ اور سیرت کی کتابوں میں مذکور ایک  تاریخی واقعہ اس حقیقت کو روزِ روشن کی طرح عیاں کرتا ہے کہ مدینہ منورہ میں صحت و عافیت کا اصل راز کیا تھا۔ روایت کا مفہوم ہے کہ ایک ماہر طبیب مدینہ طیبہ پہنچا، تاکہ لوگوں کی طبی خدمت انجام دے سکے۔ وہ حکیم مدینہ منورہ میں مہینوں مقیم رہا، مگر تعجب کی بات یہ تھی کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود ایک بھی شخص اس کے پاس علاج یا دوا کے لیے نہیں آیا! آخر کار وہ سخت حیران و پریشان ہو کر حضور سید عالم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ادب سے عرض کرنے لگا، مفہوم:

’’یا رسول اﷲ ﷺ! میں تو آپ ﷺ کی اور آپؐ کے اصحابؓ کی خدمت کے لیے آیا تھا، مگر مدینہ کی اس بستی میں تو معلوم ہوتا ہے کہ کوئی بیمار ہی نہیں ہوتا، آج تک ایک بھی شخص میرے پاس علاج کے لیے نہیں آیا، اس کا کیا راز ہے؟

اس پر حضور جان عالم ﷺ نے مسکراتے ہوئے ارشاد فرمایا، مفہوم:

’’ہم وہ قوم ہیں جو اس وقت تک کھانا نہیں کھاتے جب تک ہمیں شدید بھوک نہ لگے، اور جب ہم کھاتے ہیں تو پیٹ بھر کر نہیں کھاتے، بلکہ اپنے معدے کا توازن برقرار رکھتے ہیں۔‘‘

یہ سن کر وہ حکیم دنگ رہ گیا اور یہ کہتا ہوا واپس لوٹ گیا کہ جو قوم سنتِ نبوی ﷺ کے اس اصولِ خوراک اور اعتدال پر عمل پیرا ہو، وہ بھلا کبھی بیمار کیسے ہو سکتی ہے!

 مگر ذرا آج ہم اپنا اخلاقی و جسمانی آئینہ دیکھیں اور خود سے سوال کریں کہ آج ہم اسلاف کی اس تاب ناک میراث کے مقابلے میں کیا کھا رہے ہیں؟ آج کا مسلمان اور پورا معاشرہ سنتِ نبوی ﷺ کے پاکیزہ خوان اور اعتدال کے اصولوں کو یکسر فراموش کر چکا ہے۔ گھر کے پکے ہوئے سادہ، متوازن اور توانا کھانوں کی جگہ مضر صحت جنک فوڈز، کولڈ ڈرنکس، پراسیسڈ آئل، کیمیکل زدہ کھانوں اور ریڈی میڈ فوڈز نے ہمارے دستر خوان پر مکمل قبضہ جما لیا ہے۔ ہم نے زبان کے وقتی چٹخارے اور پیٹ کی ہوس کو زندگی کا محور بنا لیا ہے۔

اس بے اعتدالی، اندھی نقالی اور مادہ پرستانہ لت کا نتیجا ہمارے سامنے ہے کہ آج پورا معاشرہ شوگر، ہائی بلڈ پریشر، امراضِ قلب، کینسر، موٹاپے، معدے کی تباہی اور لاتعداد مہلک و لاعلاج بیماریوں کی ہول ناک لپیٹ میں سسک رہا ہے۔ ہمارے اسپتالوں کے وارڈز مریضوں سے اٹے پڑے ہیں، ادویات کے انبار ہیں، مگر سکون اور صحت نایاب ہے۔ اگر آج ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں حقیقی تن درستی، شفاء اور عافیت کی بہاریں واپس لانا چاہتے ہیں، تو ہمیں حضور سید عالم ﷺ کے مبارک دسترخوان، طبِ نبوی ﷺ کے اصولوں اور اسوۂ کامل ﷺ کی طرف پلٹنا ہوگا، کیوں کہ اسی میں دنیا و آخرت کی نجات، جسمانی سلامتی اور صحت کا حقیقی راز مضمر ہے۔