واشنگٹن میں فٹنس سینٹر پر فائرنگ، ایک ہلاک، چار زخمی، مشتبہ حملہ آور بھی گولی لگنے سے زخمی

حکام نے بعض رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ دیگر افراد کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی


ویب ڈیسک November 13, 2026

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے علاقے لوگن سرکل میں ایک فٹنس سینٹر اور اس کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مشتبہ حملہ آور بھی اپنے ہی پستول سے زخمی ہونے کے بعد قریبی اپارٹمنٹ سے ملا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شہر کے ایک پوش رہائشی علاقے میں پیش آیا۔ واشنگٹن کے قائم مقام پولیس چیف جیفری کیرول نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص فائرنگ کے بعد اپنے قریبی اپارٹمنٹ میں محصور ہوگیا تھا، جہاں سے اسے خود کو گولی مار کر زخمی کرنے کی حالت میں پایا گیا۔

پولیس چیف کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص کا اپارٹمنٹ کی ہاؤس اونرز ایسوسی ایشن کے ساتھ کسی نوعیت کا تنازع تھا۔ تاہم حکام نے اس تنازع کی تفصیلات اور فائرنگ کے اصل محرک کی تصدیق نہیں کی۔

کیرول نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کو فٹنس سینٹر کے اندر گولی ماری گئی تھی۔ چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ دیگر تین کی چوٹیں بظاہر جان لیوا نہیں ہیں۔ مشتبہ حملہ آور کی طبی حالت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تھی۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے متعدد اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے میں درجنوں پولیس گاڑیاں تعینات کی گئیں جبکہ مسلح اہلکار قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی پوزیشن سنبھالے نظر آئے۔ پولیس ہیلی کاپٹر بھی علاقے کی فضائی نگرانی کرتے رہے۔

حکام نے بعض رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ دیگر افراد کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی۔ نیشنل گارڈ کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

ایک شخص نے رائٹرز کو بتایا کہ اس نے فائرنگ کی آوازیں سنیں اور ایک شخص کو دوسرے زخمی شخص کی جانب بھاگتے دیکھا۔ عینی شاہد کے مطابق زخمی شخص کے جسم سے خون بہہ رہا تھا اور وہاں موجود افراد کو خدشہ تھا کہ حملہ آور ابھی بھی قریب موجود ہے، جس کے باعث لوگ خوف زدہ ہوکر وہاں سے بھاگنے لگے۔

عینی شاہد نے مزید بتایا کہ فٹنس سینٹر سے دور جانے کے بعد بھی اسے فائرنگ کی مزید آوازیں سنائی دیں۔