مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خدشات کم، تیل کی قیمتوں میں دوبارہ کمی

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور اہم بحری راستوں پر حملوں کی صورت میں تیل کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے


ویب ڈیسک November 13, 2026

لندن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعے کو معمولی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمتیں مسلسل دوسرے ہفتے بھی گراوٹ کی جانب گامزن رہیں۔

امریکا کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے سے مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ بڑے پیمانے پر لڑائی چھڑنے کے خدشات کم ہوئے ہیں، تاہم تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی عالمی فراہمی کو خطرات لاحق ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 28 سینٹ یعنی 0.29 فیصد کم ہوکر 95.54 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی 56 سینٹ یعنی 0.63 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 88.18 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

رپورٹ کے مطابق جمعے کی کمی سے گزشتہ دو کاروباری سیشنز کے دوران تیل کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ختم ہوگیا۔ پورے ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔

اس سے قبل امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں مفاہمت اور کشیدگی کم ہونے کی امیدوں نے تیل کی قیمتوں کو سہارا دیا تھا، تاہم سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے پر یمن کے حوثیوں کے حملوں اور خلیجی خطے سے خام تیل لے جانے والے ٹینکروں پر حملوں نے عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے۔

امریکی ناکہ بندی کے باعث خطے میں فوری طور پر بڑے پیمانے پر فوجی تصادم کے خدشات کم ہوئے ہیں، لیکن خلیج میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کو درپیش خطرات برقرار ہیں۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور اہم بحری راستوں پر حملوں کی صورت میں تیل کی ترسیل متاثر ہوسکتی ہے، جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں دوبارہ اضافہ بھی ممکن ہے۔