آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

ملک میں فائبر کنکشنز اور ہاوٴس پاسز کی تعداد بڑھانے کے لیے فائبرائزیشن کے منصوبے پر عمل شروع ہوگیا، سی ای او اگنائنٹ


ارشاد انصاری November 13, 2026

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے متعدد نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملک میں فائبر کنکشنز اور ہاوٴس پاسز کی تعداد بڑھانے کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے فائبرائزیشن کے منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے اگنائیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ، نوجوانوں کو جدید مہارتوں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اگنائٹ نے متعدد منصوبے شروع کر دیے ہیں، ڈیجی اسکلز پلیٹ فارم پر اب تک 58 لاکھ رجسٹریشنز ہوچکی ہیں، جبکہ سیمی کنڈکٹر، چپ ڈیزائننگ، گیمنگ اور اینیمیشن کے شعبوں میں بھی نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے، فیوچر لیبز کے نام سے ایک پروگرام شروع کرنے جا رہا ہے، جو چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کو پروجیکٹ بیسڈ لرننگ کے ذریعے عملی تعلیم فراہم کرنے کیلئے بھی جلدفیوچر لیبز کے نام سے ایک پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔

بلال عباسی کا کہنا ہے کہ ایس اے پی پروگرام کے تحت 2500 نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ ویمن انکیوبیشن پروگرام کے ذریعے خواتین کے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اگنائٹ چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے فیوچر لیبز اور خودمختار مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے نیشنل اے آئی انوویشن ہب پر بھی کام کر رہا ہے۔

بلال عباسی نے کہا کہ نوجوان اپنے آئیڈیاز کو عملی مصنوعات میں تبدیل کریں، کیونکہ مقامی سطح پر عالمی معیار کی ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری ہی پاکستان کی معاشی ترقی اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بن سکتی ہے،سینٹر آف ایکسیلینس فار گیمنگ اینڈ اینیمیشن کے نام سے پانچ سالہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت پری پروڈکشن، پروڈکشن، پوسٹ پروڈکشن، یونٹی، اَن ریل اور تھری ڈی ماڈلنگ سمیت چھ مختلف ٹیکنالوجیز میں کم از کم 10 ہزار افراد کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے پہلے سال کے دوران تقریباً دو ہزار افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایس اے پی کے شعبے میں بھی ایک سالہ تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر 2500 نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں ایک ہزار جبکہ اگلے چھ ماہ میں مزید 1500 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ عالمی مارکیٹ میں ایس اے پی کے مختلف ماڈیولز سے متعلق تقریباً ساڑھے چار لاکھ ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، اس لیے اس پروگرام کو روزگار کے اہداف سے منسلک کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں سے 100 ڈالر فیس وصول کی جائے گی، جبکہ اس تربیت کی مارکیٹ لاگت تقریباً 1500 سے 1600 ڈالر ہے اور حکومتی سبسڈی کے بعد اس کی لاگت تقریباً 1000 سے 1100 ڈالر رہ جاتی ہے، پروگرام کے تحت کم از کم 80 فیصد شرکاء کی سرٹیفکیشن مکمل کرانا اور سرٹیفکیشن حاصل کرنے والوں میں سے 80 فیصد کو ملازمت دلوانا معاہدے کا حصہ ہے۔