ہاکی کی بحالی، وفاقی حکومت نے ہاکی فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اگلا ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں ہوگا، صدر آئی ایچ ایف طیب اکرام کا اعلان


ذوالفقار بیگ November 13, 2026

پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت نے ہاکی فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے اعلان کیا ہے کہ اگلا ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں ہوگا۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ آفیشل ہائی پرفارمنس سینٹر کی منظوری بھی دے دی گئی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی وجیہہ اکرم، رکن قومی اسمبلی نزہت صادق، رکن قومی اسمبلی زیب جعفر، سابق اولمپین شہناز شیخ، شہبازسنیر، طاہر زمان، ناصر علی، شکیل عباسی، ریحان بٹ، اویس کرنی، حسن عسکری بخاری، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل بھی موجود تھے۔ اسلام آباد میں ہاکی کی بحالی کے  حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر  بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اور برائے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کا چیمپئن رہا ہے، ہاکی ہماری پہچان اور قومی فخر ہے، بدقسمتی سے طویل عرصے سے پاکستان ہاکی کی مایوس کن کارکردگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ ہاکی کو خصوصی توجہ دی جائے اور عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جائے، حکومت ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کھڑی ہے، فیڈریشن جامع پلان تشکیل دے، حکومت کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہاکی کے ساتھ سیاست کرنے والوں کے بجائے ملک کے لیے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، سینئر کھلاڑیوں کو بھی ہاکی کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے گورننس اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اگلا ایف آئی ایچ نیشنز کپ پاکستان میں منعقد ہوگا۔ ورلڈ کپ اور اولمپکس کے بعد یہ ہاکی کا بڑا عالمی ایونٹ ہے جس میں 10  بین الاقوامی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کا کہنا تھا کہ بھارت کو بھی پاکستان آکر کھیلنا چاہیے۔

طیب اکرام نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ آفیشل ہائی پرفارمنس سینٹر کی منظوری دینے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو عالمی سطح پر بہترین پوزیشنز حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، کھلاڑیوں کی مالی معاونت، جدید تربیت اور عالمی معیار کے کوچز کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ ہاکی کی پرموشن کے لئے حکومتی سطح سے بھی کاوشیں کی جارہی ہیں۔ پاکستان میں ہاکی کی پرموشن کے لئے منعقدہ تقریب سے ہاکی نئے دور میں داخل ہوجائے گی ۔

رکن قومی اسمبلی زیب جعفر کا کہنا ہے کہ 10  ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ہاکی کو پرموٹ کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن و ایف آئی ایچ کی جانب سے ہونے والا معاہدہ ایک سنگ میل ہوگا۔