ہندی اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور سینئر فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی 70 برس سے زائد عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ طویل عرصے سے بڑھاپے سے متعلق طبی مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ جیانتا مکھرجی گزشتہ شام ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چل بسے۔
جیانتا مکھرجی معروف گلوکار اور موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے فلمی دنیا میں بطور پروڈیوسر کام کیا اور ’مذاق‘ (1975)، ’دو لڑکے دونوں کڑکے‘ (1979) اور ’بیوی اور مکان‘ سمیت متعدد فلمیں بنائیں۔ ان کی ابتدائی دو فلموں میں اہلیہ موشومی چٹرجی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ وہ 1992 میں نشر ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامے ’تلاش‘ سے بھی وابستہ رہے۔
ان کے پسماندگان میں اہلیہ موشومی چٹرجی اور بیٹی میگھا مکھرجی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ان کی بڑی بیٹی پائل کا 2019 میں 45 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔