پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن، جو ڈکی بھائی کے نام سے مشہور ہیں، نے اپنے ایک وی لاگ میں ’ڈی ایچ اے والی میڈ‘ سے متعلق نامناسب مذاق کرنے پر معذرت کرلی ہے۔ ان کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ڈکی بھائی نے اپنے تازہ وی لاگ میں اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی توہین کرنا یا کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے وی لاگ کے آغاز ہی میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی سابقہ ویڈیو میں کہی گئی کسی بات سے ڈی ایچ اے والی میڈ کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ ان کی نیت کسی کو نیچا دکھانے کی نہیں تھی اور وہ جان بوجھ کر کسی کے بارے میں منفی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے مستقل ناظرین ان کے گفتگو کے انداز سے واقف ہیں اور وہ اکثر ہنسی مذاق میں ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں۔
ڈکی بھائی نے یہ بھی بتایا کہ وہ مذکورہ خاتون کو ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے۔ ان کے مطابق رواں سال ایوارڈز سے قبل انہوں نے کبھی ان کے بارے میں انٹرنیٹ پر تلاش بھی نہیں کیا تھا۔ پہلی مرتبہ ان کا نام اس وقت سنا جب وہ ایوارڈ شو میں نامزد ہوئیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا کہا ہوا جملہ نامناسب یا تکلیف دہ محسوس ہوسکتا ہے، اس لیے وہ اپنے الفاظ کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ خاتون ان کی وضاحت اور معذرت کو سمجھیں گی۔
یہ تنازع پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں ’بہترین یوٹیوبر‘ کیٹیگری کے نتائج کے بعد شروع ہوا تھا۔ اس مقابلے میں ڈی ایچ اے والی میڈ نے معروف یوٹیوبر اقرا کنول کو شکست دے کر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
ڈکی بھائی نے اپنے وی لاگ میں ایوارڈ جیتنے والی خاتون کے حوالے سے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ کیا ڈی ایچ اے والی میڈ اپنا کام ٹھیک سے کرتی ہیں؟ اس کے بعد انہوں نے گھریلو کام کاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اسے ہمارے گھر بھی بھیج دو!‘
اس تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین اور مختلف تبصرہ نگاروں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جملے ایک محنت کش خاتون کی محنت اور اس کے پس منظر کو کمتر دکھانے کے مترادف ہیں، جبکہ بعض صارفین نے اسے تکبر پر مبنی رویہ بھی قرار دیا تھا۔