بازار کے تیار اور پیک شدہ کھانے صحت کے لیے کیوں نقصان دہ ہوسکتے ہیں؟

سہولت کے لیے استعمال کیے جانے والے یہ کھانے غذائیت کے اعتبار سے گھر کے تازہ کھانوں کا متبادل نہیں


ویب ڈیسک November 15, 2026

مصروف طرزِ زندگی میں بازار سے تیار کھانا خریدنا ایک آسان راستہ محسوس ہوتا ہے، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو روزانہ گھر میں کھانا بنانے سے اکتا جاتے ہیں۔ تاہم سہولت کے لیے استعمال کیے جانے والے یہ کھانے غذائیت کے اعتبار سے گھر کے تازہ کھانوں کا متبادل نہیں ہوتے اور ان کا مسلسل استعمال صحت کے لیے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔

پہلے سے تیار اور پیک شدہ کھانے ایسی غذائی مصنوعات ہوتی ہیں جنہیں استعمال میں آسانی کے لیے پہلے ہی پکاکر مختلف پیکنگ میں محفوظ کردیا جاتا ہے۔ ان میں ڈبوں میں بند سوپ، مائیکروویو میں گرم کیے جانے والے کھانے اور پیک شدہ سلاد سمیت کئی اقسام شامل ہیں۔ ان مصنوعات میں بعض اوقات جسم کی ضرورت کے مطابق تمام ضروری غذائی اجزاء مناسب مقدار میں موجود نہیں ہوتے۔

ان کھانوں میں ایک بڑا مسئلہ پروسیسڈ اجزاء کا استعمال ہے۔ بہت سی مصنوعات میں کھانے کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے کے لیے پریزرویٹوز، جبکہ ذائقہ اور رنگ بہتر بنانے کے لیے مصنوعی فلیورز اور رنگ شامل کیے جاتے ہیں۔ ایسی اشیا کا مسلسل اور زیادہ استعمال صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

پیک شدہ کھانوں میں نمک کی مقدار بھی اکثر زیادہ ہوتی ہے۔ اسے ذائقہ بڑھانے اور کھانے کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن نمک کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔ بلند فشار خون آگے چل کر دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔

غذائیت کے حوالے سے بھی ان کھانوں میں خامیاں پائی جاتی ہیں۔ کئی تیار کھانوں میں فائبر، وٹامنز اور معدنیات جیسے اہم اجزاء کم ہوتے ہیں۔ نتیجتاً جسم کو ضروری غذائیت فراہم کیے بغیر ان سے کیلوریز حاصل ہوتی ہیں۔

ان مصنوعات میں غیر صحت بخش چکنائی، بالخصوص سیچوریٹڈ اور ٹرانس فیٹس کی زیادہ مقدار بھی موجود ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی چکنائی کولیسٹرول کی سطح بڑھانے اور دل کی بیماریوں کے خطرے میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

وزن میں اضافے کا تعلق بھی پیک شدہ کھانوں کے مسلسل استعمال سے جوڑا جاتا ہے۔ ان میں اضافی چکنائی اور شکر کی وجہ سے کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوسکتی ہے۔ ایک عام تیار پیک کھانے میں تقریباً 500 سے 800 کیلوریز ہوسکتی ہیں۔ اگر کوئی شخص روزانہ ایک ایسا کھانا استعمال کرتا ہے تو ہفتے بھر میں اس کے ذریعے 3 ہزار 500 سے 5 ہزار 600 تک کیلوریز حاصل ہوسکتی ہیں۔ اس طرح طویل مدت میں ضرورت سے زیادہ کیلوریز کا استعمال وزن بڑھنے اور موٹاپے جیسے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔