سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کارداگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کیں جہاں فتنۃ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کے متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور 13 نومبر سے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ این-40 پر سیکیورٹی فورسز کا گشت جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا اور کولپور آپریشن کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد ہوا، سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری ہیں اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا گشت پر مامور فوجی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز سے حملہ مقامی ٹریفک کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئٹہ-تفتان نیشنل ہائی وے پر علاقے کی نگرانی اور گشت بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب، کولپور کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خودکش بمبار سمیت 'فتنۃ الہندوستان' کے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر 'فتنہ الہندوستان' کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز (ڈرونز) کے ذریعے نشانہ بنایا، اس واقعے میں ضلع چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ان قربانیوں کے باوجود سیکیورٹی فورسز پر عزم ہیں اور آپریشنز کی جاری ہیں، ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت یافتہ تنظیم 'فتنۃ الہندوستان' معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر تکنیکی ذرائع استعمال کر رہی ہے، ان کا مقصد علاقے میں امن اور معمول کے حالات برقرار رکھنے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
کارروائیوں کے حوالے سے کہا گیا کہ بھارت مسلسل 'فتنہ الہندوستان' کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے اور انہیں جدید ترین آلات اور سازوسامان مہیا کر رہا ہے تاہم، سیکیورٹی فورسز اس ابھرتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی قسم کی جگہ نہیں دیں گی، چاہے وہ کوئی بھی حربہ کیوں نہ استعمال کریں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت، دہشت گردی کے خلاف یہ بھرپور مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور پشت پناہی والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے، شہدا کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزپرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ (N-40) پر معمول کے گشت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادرسپوتوں، میجرعمرمنہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا دشمن معصوم شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم ہماری مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔