کچھ باتیں لیاری کی

کافی عرصے سے پوری لیاری کھنڈر نما ہے۔ ہر طرف دھول مٹی کا راج ہے


شبیر احمد ارمان November 15, 2026

ان دنوں لیاری کی مجموعی صورت حال یہ ہے کہ نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں۔ لیاری کے لوگ پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور کمیابی کا شکار ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں وقفے وقفے سے ترسا ترسا کر صرف چار گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر بھی مسئلہ بنا ہوا ہے۔

کافی عرصے سے پوری لیاری کھنڈر نما ہے۔ ہر طرف دھول مٹی کا راج ہے۔ کہیں سڑکیں اور گلیاں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے کھدی ہوئی ہیں اور جہاں ترقیاتی کام ہونا باقی ہیں، وہاں کا منظر بھی قابلِ رحم ہے۔ اسی وجہ سے جگہ جگہ ٹریفک کے مسائل دیکھے جا سکتے ہیں اور لوگوں کو الگ سے پریشانیوں کا سامنا ہے۔ کھیل کے میدان کہیں آباد ہیں تو کہیں ترقیاتی کاموں کے منتظر ہیں۔

ایک طرف سرکاری تعلیمی درسگاہوں میں تعمیراتی کام کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف ان میں سے کچھ کو این جی اوز کے حوالے کردیا گیا ہے یا مزید حوالے کرنے کا منصوبہ ہے۔ نجی تعلیمی ادارے کل کی طرح آج بھی مال و زر کمانے میں مصروف ہیں۔ یہاں یونیورسٹی کے بارے میں مایوس کن اطلاعات زیرِ گردش ہیں، جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

صحت کے شعبے کے متعلق بھی عوام کی جانب سے شکایات کا انبار ہے۔ سرکاری طبی مراکز کل کی طرح آج بھی زندگی کے بجائے موت کا سبب بن رہے ہیں۔ موت برحق ہے، اس لیے لوگ صبر کر جاتے ہیں۔ نجی کلینک اور اسپتال اس صورتِ حال سے اپنا خزانہ بھر رہے ہیں۔ کھیل کے میدان اور بچوں کے پارک جدید طرز پر بنائے گئے ہیں اور مزید بنائے جا رہے ہیں۔

ایم این اے، ایم پی اے، لیاری ٹاؤن اور یونین کونسلوں کے فنڈز سے سڑکیں اور گلیاں بھی پیور بلاک سے تعمیر کی گئی ہیں اور تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ساتھ نکاسیٔ آب کی بہتری کے لیے بھی کام کیے جا رہے ہیں۔

البتہ ایم این اے کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر ڈامبر سے کی گئی ہے۔ یوں سمجھ لیجیے کہ پوری لیاری ازسرِنو زندگی کی تلاش میں ہے۔ لیاری کے قدیمی رہائشی اپنے آباؤ اجداد کی زمینیں، گھر اور مکانات چار پانچ فلیٹوں کے کمروں کے عوض بلڈرز کے ہاتھوں فروخت کر رہے ہیں، یعنی بے زمین ہوتے جا رہے ہیں۔

شہر کراچی کی مارکیٹوں کی طرح لیاری کی مارکیٹیں بھی بارونق ہیں، مگر جیبوں کا گرم ہونا لازمی ہے۔ جو لوگ ان مارکیٹوں میں جانے کی استطاعت نہیں رکھتے، وہ پکوڑے، بجیا، چھولے، شیک، بن کباب، آلو کے چپس وغیرہ سے زندگی کی سانسیں رواں دواں رکھنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ کچھ غیر لیاری لوگ لیاری کی مشہور شیدی ولیج روڈ پر ہشت چوک میں قائم بے نظیر بھٹو شہید دسترخوان پر اپنے پیٹ کی آگ بجھاتے نظر آتے ہیں، کیونکہ جینا بھی ضروری ہے۔

سرِشام لیاری کے چائے کے ہوٹل کوئٹہ چائے کے رسیا نوجوانوں سے بھر جاتے ہیں۔ جگہ نہ ہونے کی صورت میں مین سڑکوں پر کرسیاں اور میزیں لگا لی جاتی ہیں۔ یہ عمل ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بنتا ہے اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی الگ مسائل پیدا کرتا ہے، جن کی کسی کو پروا نہیں۔

نوجوان گپ شپ میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔غالباً اسی صورتِ حال کو بھانپتے ہوئے سندھ حکومت نے لیاری کی اہم مین سڑک ڈینسو روڈ کو بند کرکے وہاں فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر کا کام تیزی سے شروع کر رکھا ہے۔لیاری والے اس عمل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کہ انھیں بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے، نہ کہ فوڈ اسٹریٹ کی۔

اس عمل سے مین سڑک بند ہونے کے باعث ٹریفک اور رہائشیوں کے مسائل پیدا ہونے کے خدشات واضح طور پر ظاہر ہیں۔اس پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اسی مقام پر بلوچ چوک کے مونومنٹ کو بھی مسمار کردیا گیا ہے اور وہاں نہ جانے کون سا نیا مونومنٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، یہ ایک راز ہے۔ البتہ لیاری کے لوگوں کو سرپرائز دینے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔ اسی مقام پر اسٹریٹ لائبریری بھی کم علمی کے باعث قائم کی گئی تھی، جو اسی کم علمی کی وجہ سے ختم بھی ہوگئی۔

میری یادداشت اور تاریخ کے اوراق کے مطابق پہلے یہاں ٹرام جنکشن تھا۔ اس اعتبار سے چاکی واڑہ کے اس علاقے کا نام ٹرام پٹہ مشہور ہوگیا۔ اس کے بعد لمبی لمبی سرکاری پبلک بسوں کا اسٹاپ بنایا گیا۔ بعدازاں سرکاری اومنی بسوں کا دور شروع ہوا تو یہ جگہ اومنی بسوں کا مین اسٹاپ بنادی گئی۔

پھر کچھ عرصے بعد یہاں ملیر اور لانڈھی آنے جانے والی بسوں کا مین اسٹاپ بنایا گیا۔بعد میں اسے بھی ختم کردیا گیا تو کافی عرصے تک یہ جگہ ویران رہی۔ انھی ادوار میں یہاں ایک ٹریفک پولیس چوکی قائم کی گئی تھی، جو بعد میں سیاسی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگئی۔ مدتوں بعد، نوے کی دہائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ضلع جنوبی کے چیئرمین جمشید احمد خان نے لیاری بھر کے چوکوں پر مختلف قسم کے مونومنٹس بنوائے اور اس مقام پر بھی تلوار کی شکل میں ایک مونومنٹ تعمیر کیا۔

واضح رہے کہ اس دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار ہوا کرتا تھا، لیکن اسے تلوار چوک کا لقب نہ مل سکا۔ البتہ لوگوں نے اسے بلوچ چوک کا نام دیا، جو ایک سیاسی پس منظر رکھتا ہے، جس کا ذکر یہاں مقصود نہیں ہے۔

اب اس مقام پر سندھ حکومت کی جانب سے فوڈ اسٹریٹ قائم کرنے کے لیے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اس بنا پر تلوار والا مونومنٹ مسمار کردیا گیا ہے اور یہاں سرپرائز کے طور پر نیا مونومنٹ تعمیر کیا جا رہا ہے۔ماضی میں لیاری، کراچی کا یہ قدیمی علاقہ چاکی واڑہ اپنے وقت میں بارونق ہوا کرتا تھا۔

یہ لیاری کا سیاسی و سماجی مرکز اور مقبولِ عام تجارتی علاقہ تھا۔چاکی واڑہ نام کی وجہِ تسمیہ یہ ہے کہ اس علاقے میں تیل، آٹے اور مصالحہ جات کی چکیاں کثرت سے قائم تھیں۔واضح رہے کہ تیل کی چکی میں اونٹ اور گائے سے اہم محنت لی جاتی تھی۔ ان کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر دستی آلے کو گھمانے کے لیے اونٹ یا گائے کو اس آلے کے اردگرد گول گول چکر لگوائے جاتے تھے، جس سے آلے کا پہیہ گھومتا رہتا اور مطلوبہ بیج پس کر تیل حاصل کیا جاتا تھا، خاص طور پر سرسوں، کھوپرے اور بادام کا تیل۔

اسی طرح آٹے کی چکیوں میں بھی یہی عمل ہوتا تھا۔ اس زمانے میں مشین کا تصور عام نہیں تھا۔ اگر مشینیں موجود بھی تھیں تو غریبوں کی دسترس سے باہر تھیں، کیونکہ وہ بہت مہنگی ہوتی تھیں۔اسی طرح مرچ مصالحوں کی چکیوں میں بھی یہی عمل دہرایا جاتا تھا۔ ان چکیوں کی وجہ سے اس علاقے کا نام چکی واڑہ پڑ گیا، جب کہ اس علاقے کا قدیم ترین نام امرتسر محلہ تھا۔ پھر چکی واڑہ بھی بگڑ کر چاکی واڑہ مشہور ہوگیا۔ واضح رہے کہ واڑہ محلے یا علاقے کو کہا جاتا ہے۔ یہ علاقہ مین چاکی واڑہ ہے، جہاں ٹرام جنکشن بھی قائم تھا، جو ٹرام پٹہ کے نام سے مشہور ہوا۔

حالیہ دنوں میں، میں نے تاریخی ٹرام پٹہ کے مقام کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ٹرام کا ایک تصوراتی، دیدہ زیب اور خوب صورت مونومنٹ بنایا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ اور شیئر کیا۔ توقع سے بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ لوگوں نے اسے نہ صرف پسند کیا بلکہ حکومت سے مطالبہ بھی کیا کہ ماضی کے ٹرام جنکشن کے مقام پر ٹرام کا مونومنٹ ہی تعمیر کیا جائے۔

دیکھنا یہ ہے کہ حکومت لیاری کی اکثریتی عوام کی اس خواہش کو عملی جامہ پہناتی ہے یا نہیں؟