لفظ ’’جواب‘‘ عربی زبان سے ماخوذ ہے اور اس کے لغوی معنی ردِ عمل یا کسی سوال، تحریر یا تقریر کے مقابلے میں کہی جانے والی بات کے ہیں۔ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک عوام الناس اپنے اوپر مسلط جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں اور اشرافیہ سے یہ تلخ سوال پوچھ رہے ہیں کہ انھیں ان کے بنیادی معاشی و آئینی حقوق کیوں نہیں دیے جا رہے؟ آج پوری قوم حکمرانوں سے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ آخر ان کا قصور کیا ہے اور انھیں کس بات کی سزا دی جا رہی ہے؟
حکمرانوں نے گویا قوم کو جواب نہ دینے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ عوام اپنے اوپر مسلط حکمرانوں سے نالاں ہیں اور یہ تلخ سوال کر رہے ہیں کہ بے شمار وسائل ہونے کے باوجود ان کی زندگیوں میں کوئی حقیقی تبدیلی کیوں نہیں آ رہی؟ حکمرانوں کے پاس عوام کے لیے صرف ایک تلخ جواب ہے کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور عالمی حالات بھی سازگار نہیں ہیں، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ موجودہ ہوں یا سابقہ حکمران، انھیں عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ترقی سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ اشرافیہ صرف اپنے مفادات کے گرد گھومتی ہے۔
حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ معاشرے میں بے چینی کا عنصر نمایاں نظر آ رہا ہے۔ حکمرانوں اور عوام کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو حالات سب کے ہاتھوں سے نکل جائیں گے۔ عوام بظاہر خواب غفلت میں ہیں، لیکن اگر وہ اس کیفیت سے بیدار ہو گئے تو حکمرانوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔ لہٰذا طاقتور طبقے کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔
حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ غریب تو غریب، آج کے دور میں متوسط طبقہ بھی فاقہ کشی کا شکار ہے۔ بے روزگاری کا گراف دن بدن بلند ہو رہا ہے۔ ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، اگر بروقت مثبت اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے، لہٰذا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عام آدمی کو عملی ریلیف فراہم کریں۔ حبیب جالب نے حکمرانوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کیا خوب کہا ہے۔
اے چاند یہاں نہ نکلا کر
بے نام سے سپنے دیکھا کر
یہاں اُلٹی گنگا بہتی ہے
اس دیس میں اندھے حاکم ہیں
نہ ڈرتے ہیں نہ نادم ہیں
نہ لوگوں کے وہ خادم ہیں
ہے یہاں پہ کاروبار بہت
اس دیس میں گردے بکتے ہیں
کچھ لوگ ہیں عالی شان بہت
اور کچھ کا مقصد روٹی ہے
وہ کہتے ہیں سب اچھا ہے
مغرب کا راج ہی سچا ہے
یہ دیس ہے اندھے لوگوں کا
اے چاند یہاں نہ نکلا کر
محرومیاں، احساسِ کمتری اور مجبوریاں جب بڑھتی ہیں تو انسان کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور مجبوری میں کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے۔ پاکستان کا قیام اس لیے نہیں ہوا تھا کہ عام آدمی کی زندگی یہاں اجڑ جائے اور وہ دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو۔ وقت آ گیا ہے کہ طاقتور ادارے عام لوگوں کے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور ان کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔ وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ اگر معاملات اسی طرح چلتے رہے تو ملک میں بے چینی اور انتشار کی فضا پیدا ہو جائے گی، جو کسی کے حق میں بھی مناسب نہیں ہوگی۔
حکمرانوں اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج نے معاشرتی بگاڑ کو جنم دیا ہے، اگر اشرافیہ اور حکمران طبقے نے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اقدامات نہ کیے تو ان حالات کی ذمے داری خود حکمرانوں پر عائد ہوگی۔ آج پاکستان کا بچہ بچہ قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، جب کہ حکمرانوں کی عیاشیاں عروج پر ہیں۔ کیا پاکستان کا قیام اس لیے عمل میں آیا تھا کہ یہاں صرف اشرافیہ عیاشیاں کرے اور عوام کی زندگی جہنم بن جائے؟
آج عوام عجیب کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ عام آدمی کے لیے پاکستان مسائل کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، جن سے نکلنا اس کے لیے دشوار ہو چکا ہے۔ بدقسمتی سے دو وقت کی روٹی کے ساتھ پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔ بجلی اور گیس کا بحران بھی سر اٹھا رہا ہے۔ عام آدمی کو صحت کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں اور وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلوانے سے بھی قاصر ہے۔ جہاں خوراک جیسی بنیادی ضرورت پوری کرنا مشکل ہو، وہاں تعلیم کا حصول بھی کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔
کیا حکمران عوام کو اپنی کوتاہیوں اور نااہلیوں کا کوئی جواب دیں گے یا خاموش تماشائی بنے رہیں گے؟ عالمی برادری میں پاکستان کو جس قدر احترام اور مقام ملنا چاہیے، وہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنے معاشی اور سماجی مسائل پر قابو پانا ہوگا۔ ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں ہماری فی کس آمدنی کم ہے، جس میں ایک عام خاندان کے لیے گزارا کرنا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
بحیثیت قوم پاکستانی عوام کو بھی باہمی اتحاد اور پُرامن جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔ سیاسی اکابرین کو اقتدار کی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہییں۔ اقتدار کی ہوس نے حکمرانوں کو عوامی مسائل سے بے نیاز کر دیا ہے اور انھیں صرف اپنی آسائشیں دکھائی دیتی ہیں۔ اشرافیہ کی غیر ذمے دارانہ روش کے باعث ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک محدود بجٹ میں عوام روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے کریں؟ محدود وسائل اور کم آمدنی کے باعث خودکشیوں کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام کی قوتِ خرید ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث گزر بسر کرنا نہایت دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ اگر حکمران چاہتے ہیں کہ عوام انھیں دوبارہ ایوان اقتدار میں آنے کا موقع دیں تو انھیں بھی چاہیے کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کریں۔
دوسری جانب عوام کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ دیتے وقت احتیاط سے کام لیں اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو حقیقتا ان کی نمائندگی کریں اور ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔ اب پاکستانی قوم کو معاشی بھنور اور دلدل سے نکالنے کا وقت آ چکا ہے۔ عوام کو اپنے معاشی حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد کرنا ہوگی۔ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے انھیں اپنے بنیادی آئینی و معاشی حقوق حاصل ہو سکتے ہیں۔