کیا پاکستان کے سیاسی منظرنامہ میں کوئی بڑی تبدیلی ہونے جا رہی ہے؟ یہ سوال آج کل عرف عام میں سب ہی پوچھ رہے ہیں۔ ہر طرح کی قیاس آرائی نجی محفلوں اور سیاسی گفتگو میں موجود ہے۔
ایک سوال سب پوچھ رہے ہیں کہ آخر ہونے کیا جا رہا ہے؟ بانی تحریک انصاف سے ان کے دو وکلاء کی ملاقاتوں نے بھی ایک ماحول بنایا ہے کہ شائد بانی تحریک انصاف اور مقتدرہ کے درمیان کچھ طے ہو رہا ہے۔ پھر بانی کی دو بہنوں کی رہائی نے اس سیاسی تھیوری کو مزید تقویت دی کہ شائد کچھ طے ہو رہا ہے یا کچھ طے ہو گیا ہے۔
سونے پر سہاگا وفاقی وزیر داخلہ خصوصی طیارے سے صدر مملکت آصف زرداری سے ملنے ان کے آبا ئی علاقہ چلے گئے۔ اس ملاقات نے بھی ملک بھر میں چلنے والی سیاسی چہ مگوئیوں کو مزید تقویت دی۔
ایک رائے یہ سامنے آئی کہ شائد وزیر داخلہ صدر مملکت کو جو پیپلزپارٹی کے سربراہ بھی ہیں، یہ بتانے گئے ہیں کہ تحریک انصاف سے معاملات کافی حد تک آگے بڑھ گئے ہیں اور اس کا پیپلز پارٹی کو براہ راست نقصان ہوگا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عرف عام میں یہ کہانی موجود ہے کہ نئے صوبوں اور ایڈ مناسٹریٹو یونٹس کے قیام پر پیپلزپارٹی راضی نہیں ہے۔
دوسری طرف یہ کہانی بھی سامنے آرہی ہے کہ بانی تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام اور ایڈمناسٹریٹو یونٹس کے قیام پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ ماضی میں بھی اس کے حامی رہے ہیں اور اب بھی انھیں اس پر تعاون کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
یہ باتیں قابل تصدیق نہیں ہیں۔ اس کی کسی بھی ذریعے سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی لیکن وکلاء کی ملاقاتوں اور بانی کی بہنوں کی رہائی کو دوست اس معاملہ سے جوڑ رہے ہیں اور یہ کہانی بنائی جا رہی ہے کہ 28ویں ترمیم پر مفاہمت ہو رہی ہے۔ بانی تعاون کے لیے تیار ہیں جس کے بعد تحریک انصاف کے لیے آسانیاں پیدا ہو جائیں گی۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ کہانیاں درست ہیں؟ کیا واقعی مفاہمت ہو رہی ہے؟ کیا واقعی تحریک انصاف اور مقتدرہ کے درمیان مفاہمت ہو سکتی ہے؟ میری رائے تو یہ ہے کہ یہ سب کہانیاں ہیں۔ ان میں شائد کوئی حقیقت نہیں ہے۔
مجھے نہیں لگتا کہ فی الحال پیپلز پارٹی کو سسٹم سے علیحدہ کیا جا رہا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ پیپلزپارٹی کو علیحدہ کر کے تحریک انصاف کو سسٹم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ شائد یہ فارمولہ ممکن ہی نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کو سسٹم سے علیحدہ کر کے سسٹم چل ہی نہیں سکتا۔ پیپلزپارٹی کو علیحدہ کرکے سسٹم مستحکم نہیں، غیرمستحکم ہو جائے گا بلکہ اپنی موت آپ مر جائے گا۔
جودوست یہ کہانی بنا رہے ہیں کہ انھیں یہ سمجھنا ہوگا کہ تحریک انصاف میں اس وقت اتنی سیاسی طاقت نہیں ہے کہ سسٹم کو سہارا دے سکے اور نہ ہی ان کی سیاسی قیادت پر اس قدر اعتماد کیا جا سکتا ہے کہ سسٹم کو ان کے سہارے پر کھڑا کیا جا سکے۔
آپ دیکھیں 2024ء کے انتخابات کے بعد تحریک انصاف کو کے پی کی حکومت مل گئی تھی لیکن تحریک انصاف نے اس حکومت کو سسٹم کے لیے خطرہ بنا دیا ہے۔ ایک دفعہ نہیں بار بار اسلام آباد پر چڑھائی نے ماحول بنا دیا کہ اگر سسٹم چلانا ہے تو تحریک انصاف کی یہ حکومت نہیں چل سکتی۔
وفاق سے عدم تعاون، بجٹ پر عدم تعاون، دہشت گردی پر عدم تعاون۔ اس لیے جب تحریک انصاف کی ایک صوبائی حکومت اور سسٹم اکٹھے نہیں چل سکتے تو پورے نظام میں تحریک انصاف کو بطور سٹیک ہولڈر کیسے شامل کیا جا سکتا ہے۔
دوست ماحول بنا رہے ہیں کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کا ماحول بن رہا ہے، ملاقاتیں اس لیے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ وکلاء کی ملاقاتیں قانونی ضرورت تھیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی جو اپیلیں زیرسماعت ہیں، ان میں کئی ماہ سے وکلاء دلائل نہیں دے رہے۔
وکلاء کا مؤقف تھا کہ ان کی ان کے سائل سے ملاقات نہیں ہوئی لہٰذا ان کے پاس اپنے سائل سے کوئی ہدایات نہیں ہیں۔ وکلاء کا مؤقف تھا کہ ان کی ان کے سائل سے ملاقات کرائی جائے۔ اب ایک راستہ تو یہ تھا کہ چونکہ بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کے وکلاء دلائل نہیں دے رہے تھے، اس لیے اپیلوں کا فیصلہ یک طرفہ کر دیا جائے لیکن اس کو انصاف کے اصولوں کے مطابق نہیں سمجھا جاتا۔
سب کہتے کہ ملاقات وکلاء کا حق ہے۔ ان کی ملاقات کرائی جاتی تو وہ دلائل دے دیتے۔ اس لیے ان اپیلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے دونوں کے وکلاء کی ملاقات ضروری تھی۔ وہ کرائی گئی ہے۔ میری رائے میں یہ ایک قانونی ضرورت سے زیادہ کچھ نہیں۔ اس میں سیاست ڈھونڈنے کی بجائے اس میں قانونی ضرورت کے پہلو دیکھا جائے تو زیادہ مناسب ہو گا۔
اب سردار لطیف کھوسہ ایک و کیل ہونے کے ساتھ سیاستدان بھی ہیں، اس لیے انھوں نے ملاقات کو سیاسی تڑکہ بھی لگا دیا ہے جس کو بہر حال متعلقہ حلقوں کی جانب سے کوئی خاص پسند نہیں کیا گیا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ملاقاتیں قانونی ضرورت کے تحت ہی کرائی گئی ہیں۔
اس میں کوئی خاص سیاست نہیں۔ ان ملاقاتوں سے مفاہمت کا تاثر بنانا کوئی درست نہیں۔ مجھے ایسا نہیں لگ رہا۔ جہاں تک نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ہے، وہ اہم ضرور ہے لیکن اس کے لیے نظام کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ پھر اگر یہ نظام ختم ہی کرنا طے ہو جائے گا تو پھر کسی کی بھی باری نہیں آئے گا۔
یہ ممکن نہیں کہ ایک کی چھٹی کرا کر دوسرے کو باری دے دی جائے۔ اس وقت کوئی بڑی تبدیلی ممکن نہیں۔ پھر اعتماد کا فقدان ہے۔ گالم گلوچ کا ماحول بھی موجود ہے۔ ایسے میں کسی بھی قسم کی مفاہمت ممکن نہیں۔ بالخصوص بانی تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت ممکن نظر نہیں آرہی۔
جہاں تک پیپلزپارٹی کا تعلق ہے۔ وہ بھی مشکل میں ہے۔ نہ وہ نظام کو چھوڑ سکتے ہیں اور نہ ہی نظام ان کو چھوڑ سکتا ہے۔ نہ وہ سسٹم سے علیحدہ ہو سکتے ہیں اور نہ ہی سسٹم ان سے علیحدہ ہو سکتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بندھے ہوئے ہیں۔ اس لیے کشیدگی اپنی جگہ لیکن سسٹم سے رشتہ اپنی جگہ۔ پیپلزپارٹی شدید اختلافات کے باوجود سسٹم کو عدم استحکام کا شکار نہیں کر رہی۔
ابھی انھوں نے کے پی میں گورنر راج پر تعاون کیا ہے۔ آگے بھی جہاں سسٹم کو ضرورت ہو گی، وہ تعاون کر نے کے لیے تیار ہیں، اس لیے ان سے اختلافات اپنی جگہ لیکن سسٹم میں ان کی افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ اس لیے ان کا کوئی متبادل نہیں ہے اور پھر تحریک انصاف تو بالکل ان کی متبادل نہیں ہو سکتی۔ یہی اصل حقیقت ہے۔ باقی سب کہانیاں ہیں۔ سیاسی کہانیاں دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتی ہیں۔ لیکن کیا ان کی حقیقت ہوتی ہے، یہی اصل سوال ہوتا ہے۔ ضروری نہیں جو بات دل کو لگے وہ حقیقت بھی ہو۔