لاہور:
ذیابیطس خاموش قاتل ہے، ،ملک میں ہر دوسرا شخص شوگر میں مبتلا ہے جبکہ33فیصد کو پتہ ہی نہیں کہ ان کو شوگر ہے، یہی مرض اموات کی اصل وجہ تاہم بہانہ فالج، ہارٹ اٹیک کا بنتا ہے ،صرف طرز زندگی تبدیل کرکے 70 فیصد افراد اس بیماری سے بچ سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ماہرین ذیابیطس و معالجین نے پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور سرسید کالج آف میڈیکل سائنسز،کراچی کے زیر اہتمام ایکسپریس میڈیا گروپ کے تعاون سے لاہور کے ہوٹل میں "ارلی ایکشن آن ڈائبیٹیز"کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے کیا۔
سیمینار کے انعقاد میں Getz Pharma, Nabiqasim Pharma, Martin Dow, ATCO, HIGH-Q, Highnoon, PharmEvo, Hoechst Pakistan, Searle, Scilife and Servier نے تعاون کیا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی پیٹرن انچیف پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ،سابق صوبائی وزیر صحت، استاد،محقق اور ماہر ذیابیطس پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم تھے جبکہ دیگر مقررین میں صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن ،چیئرمین نیشنل ڈائبیٹیز چیپٹر پروفیسر ایم زمان شیخ، سینئر نائب صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر صومیہ اقتدار، ماہر خوراک ڈاکٹرشہلا جاوید اکرم،پروفیسر خالد محمود،پروفیسر مجتبیٰ حسن،پروفیسر ساجد عبید اللہ ،پروفیسر عزیز الرحمان،پروفیسر گل شاد حسن ،ڈاکٹرنبیل اکبرچودھری،ڈاکٹر سعدیہ سلمان ، پروفیسر افضال، ڈاکٹر وفا قیصر اور ایڈیٹر فورم روزنامہ ایکسپریس اجمل ستار ملک شامل تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ایسی بیماری ہے جس میں پاکستان صف اول میں شمار ہوتا ہے، اسکا علاج اتنا مہنگا ہوچکا ہے کہ غریب لقمہ اجل بن رہے ہیں، غربت توختم نہیں ہوسکتی مگر غریب شوگر میں مبتلا ہوکر ختم ہوتے جارہے ہیں۔
واحد حل ہے کہ ہم اپنی طرز زندگی بدل کر شوگر کے مرض پر کنٹرول کرسکتے ہیں اور اس کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس میں عوام کو آگہی دے کر محفوظ بنایا جاسکتا ہے ، انہوں نے کہا شوگر آپ کے جیون ساتھی کی مانند ہے اس کا خیال رکھنا پڑتا ہے کنٹرول میں رہے تو اچھا جیون ساتھی ہے اور اگر کنٹرول سے باہر ہوجائے تو تباہی پھیلا دیتی ہے۔
پروفیسر آفتاب محسن نے کہا شوگر سے بچاؤ کا سبق یہ ہے کہ پینے کا پانی صاف ہو،موٹاپا نہ ہو،کولیسٹرول کنٹرول،بلڈ پریشر نارمل، ورزش لازمی، سگریٹ سے پرہیز،نباتات کا استعمال کیا جائے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوگر خاموش قاتل ہے انسان کی موت ہارٹ اٹیک یافالج سے ہورہی ہے مگر ان کا موجب شوگر ہے۔
ایک تندرست انسان کی نیند سات سے نو گھنٹے ہے، اس سے زائد ہوجائے اور شوگر بھی ہو تو فالج کا خطرہ ہے اور کم ہوجائے تو ہارٹ اٹیک کا خدشہ۔
پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ شوگر کے مرض میں لائف سٹائل میڈیسن کا رواج ہے، شوگر کی بیماری باقی بیماریوں سے قدرے مختلف ہے، یہ مرتے دم تک چلتی ہے، یہ بات فکر انگریز ہے کہ اتنے اقدامات اور تشہیر کے بعد بھی شوگر کا مرض کم نہیں ہورہا تاہم آگہی مہم جاری رکھنا پڑے گی، یہ خدمت ایک جہاد ہے جس میں سب کو شامل رہنا پڑے گا۔
پروفیسرخالد محمود نے کہا کہ ابتدائی طور پر شوگر کے خلاف ایکشن لائف سٹائل ہے، میٹھا زہر اور نمکین زہر دونوں کا اعتدال ضروری ہے۔ شوگر ایسی بیماری ہے جس میں مریض کو آرام کرنے کا نہیں کہا جاتا بلکہ اس کو متحرک رہنے کا کہا جاتا ہے یہاں تک کہ تسبیحات بھی چل پھر کرکریں، اگر کسی کو شوگر ہوجائے تو سب سے پہلے اس کو مانیٹر کرنا ہے، آجکل سی جی ایم کا سسٹم اپنا کر شوگر کو مانیٹراور کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
پروفیسر مجتبیٰ حسن نے کہا کہ شوگر کی پہلی دوا 1950میں آئی، امراض قلب کا سب سے بڑا ذریعہ شوگر ہے، دراصل شوگرکے مریض کو ہمت کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے اس کی ہمت کو بڑھاتے رہیں۔ پروفیسرعزیز الرحمان نے کہا کہ شوگرکی کچھ حالتیں ایسی ہیں جن مہں انسولین مرض کی ضرورت بن جاتی ہے۔
اسیسزا کے طور پر نہیں بلکہ آپشن کے طور پر لینا ہے ، ٹائپ ون، ٹائپ ٹو میں گولیوںسے فرق نہ پڑے توانسولین لینا پڑتی ہے۔ پروفیسرساجد عبید اللہ نے کہا کہ شوگر کا ایک علاج کم کھانا،فاقہ کرنا بھی ہے جبکہ کھانے کی مقدار، خوراک لینے کے وقت کا تعین بھی کرنا ہوگا، مریض سفید آٹا،سفید ڈبل روٹی،چاول اور نان نہ کھائے بلکہ پھل کھائے، ہوسکے تو دوکھانوں کے درمیان پھل کھائیں، آم،کیلا،جاپانی پھل نہ کھائیں ، جوسز بھی کم لیں البتہ سبزیاں،مچھلی،چکن، مٹن کھا سکتے ہیں، مریضورزش کا دورانیہ بڑھائیں کم ازکم تیس منٹ واک کریں روزانہ، سگریٹ چھوڑ دیں، ڈاکٹر وفا قیصر نے سوال وجواب کے پینل کی میزبانی کی۔
سوالات کا جواب دیتے ہوئے پروفیسرگل شاد حسن نے کہا کہ مریض اگر رات کو کھانے۔سے پہلے واک کریں تو شوگر پرکنٹرول بہتر رہے گا۔
ڈاکٹرشہلاجاویداکرم نے کہا کہ مریض کی خوراک کا تعلق اس کے کام سے جڑا ہوا ہے، نشاستہ رات کو کم اور ناشتے میں مناسب لیں، رات کا کھانا سونے سے تین گھنٹے قبل کھائیں۔ ڈاکٹر نبیل اکبرچودھری نے کہا کہ دل کے امراض کا زیادہ خطرہ شوگر کے مریضوں کو رہتا ہے۔
ڈاکٹر سعدیہ سلمان نے کہا کہ ہمیشہ سٹائل آف لائف انسولین کا تعین کرتا ہے۔ ڈاکٹرصومیہ اقتدار نے کہا کہ پاکستان شوگر کے مرض میں پہلے نمبرپرہے، خواتین میں حمل کے دوران شوگر ہونے کی شرح16.7فیصد ہے ، مریض ڈاکٹر کی بات نہیں سنتا بلکہ مختلف ٹوٹکوں پر چلتا ہے۔
اس موقع پر ایڈیٹر فورم اجمل ستار ملک نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی روایت ہے کہ اچھی،مستند خبریں،تجزیے اور پروگرامز پیش کرتا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ میڈیا صرف سنسنی خیز خبریں ہی دیتا ہے مگر ایکسپریس عوام کے سوشل ایشوز پر بھی بات کرتا ہے، اسی سلسلہ کی ایک کڑی شوگر کا عالمی دن منانا ہے۔
پروفیسر زمان شیخ نے اختتامی کلمات پیش کیے اور ایکسپریس میڈیا گروپ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آگہی سیمینارز کاانعقاد شوگر کو کنٹرول کرنے میں اہم ثابت ہونگے۔