اسلام آباد:
حکومت نے ریکوڈک کانوں سے معدنیات کی ترسیل کیلیے پاکستان ریلوے کے ایم ایل تھری ٹریک کی بحالی و اپ گریڈیشن کے ایک ارب ڈالر مالیت کے منصوبے کی منظوری ایک بار پھر مؤخرکردی ہے۔
منصوبے میں تاخیرکی بنیادی وجوہات مالی وسائل کی عدم دستیابی اور معدنیات کی برآمد کیلیے کراچی کے بجائے گوادر بندرگاہ استعمال کرنے کی ممکنہ تجویز بتائی گئی ہیں۔
وزارتِ منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران تیسری مرتبہ نوکنڈی سے روہڑی تک 996 کلومیٹر طویل ایم ایل تھری ریلوے ٹریک کی بحالی کے منصوبے کی منظوری مؤخرکی ہے، منصوبے پر تقریباً 278 ارب روپے لاگت آنے کاتخمینہ ہے۔
حکام کاکہناہے کہ ایم ایل تھری کا ٹریک اپنی مقررہ مدتِ استعمال پوری کرچکاہے اور اس پر ٹرینیں اوسطاً 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے چل رہی ہیں۔
ریکوڈک سے نکلنے والی بھاری مقدارمیں معدنیات کی ریلوے کے ذریعے ترسیل ممکن بنانے کیلیے ٹریک کی مکمل بحالی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس معاملے پر سوال کے جواب میں بتایاکہ منصوبے کی منظوری بیرک گولڈکے ساتھ برج فنانسنگ کی تفصیلات اور اس حوالے سے مزیدمعلومات طلب کیے جانے کے باعث مؤخرکی گئی ہے،حکومت پہلے ہی ریکوڈک مائننگ کمپنی سے 390 ملین ڈالرقرض لینے کی منظوری دے چکی ہے،جس پر سالانہ تقریباً 6 فیصد سود اداکیاجائیگا۔
اس قرض کو ایم ایل تھری کی بحالی کیلیے عبوری مالی معاونت کے طور پر استعمال کیاجاناہے۔ حکام کے مطابق اگر معدنیات کی ترسیل کا راستہ کراچی کے بجائے گوادر منتقل کیاگیا تو بیرک گولڈسے یہ نئی یقین دہانی بھی لیناہوگی کہ کمپنی اس صورت میں بھی قرض فراہم کریگی۔
ابتدائی منصوبے کے تحت معدنیات نوکنڈی،کوئٹہ اورروہڑی کے راستے کراچی بندرگاہ تک پہنچائی جانی تھیں، تاہم اب نوکنڈی، پنجگور اورگوادرروڈلنک کوفعال بنانے کی تجویز زیرغور ہے۔
بیرک گولڈکے وفدنے حال ہی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات کرکے نوکنڈی،گوادرروڈمنصوبے کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ احسن اقبال نے وفاقی حکومت،حکومت بلوچستان اورکان کنی کی کمپنیوں کے درمیان قریبی تعاون کے ذریعے نوکنڈی،گوادر روڈکوریڈور پرکام تیزکرنے پرزوردیاہے۔