لبنان میں شامی پناہ گزین کیمپ میں آگ لگنے سے تقریباً 500 بے گھر ہو گئے

یہ واقعہ لبنان کے ضلع زحلہ کے قصبے بر الیاس  میں پیش آیا


ویب ڈیسک November 15, 2026

لبنان کے مشرقی علاقے وادیٔ بقاع میں شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 500 افراد بے گھر ہوگئے۔

آتشزدگی نے درجنوں خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے 75 خاندانوں کا سامان اور عارضی رہائش گاہیں تباہ ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعہ لبنان کے ضلع زحلہ کے قصبے بر الیاس  میں پیش آیا۔ کیمپ میں تقریباً 500 شامی پناہ گزین رہائش پذیر تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ نے کیمپ کے تمام 59 خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں 75 خاندان مقیم تھے۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث متاثرہ خاندانوں کو اپنا قیمتی سامان نکالنے کا موقع بھی نہیں ملا۔

لبنان کی سول ڈیفنس کے مطابق امدادی ٹیموں نے کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔ ادارے کی ابتدائی رپورٹ میں 30 خیموں اور ایک گاڑی کے جلنے کی تصدیق کی گئی، جبکہ دھوئیں سے متاثر ہونے والے ایک شخص کو طبی امداد کے لیے الناصرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔