لاہور:
پاکستان میں پرندوں کے تحفظ کیلئے دی برڈز بریڈر اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن کے نام سے ایک قومی تنظیم قائم کردی گئی۔
اس نئی تنظیم میں ملک بھر سے قدرتی ماحول، وائلڈ لائف کے تحفظ اور پرندوں کی افزائشِ نسل کے شعبے سے وابستہ تجربہ کار، باعلم اور معروف افراد شامل ہیں۔
ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد پاکستان کے مقامی اور مہاجر پرندوں، بالخصوص معدومی کے خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ، ذمہ دارانہ افزائشِ نسل اور قدرتی مساکن کی بحالی کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہے۔
برڈز بریڈر اینڈ کنزرویشن ایسوسی ایشن سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تحت باقاعدہ رجسٹرڈ پلیٹ فارم ہے۔
اس کا مقصد نہ صرف پرندوں کا تحفظ ہے بلکہ ملک بھر کے ایوی کلچرسٹس اور پرندہ پروری سے وابستہ افراد کے مسائل کو منظم، تکنیکی اور مؤثر انداز میں متعلقہ حکومتی اداروں تک پہنچانا ہے۔
ایوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں پائے جانے والے قدرت کے شاہکار پرندوں کی درجنوں نسلوں کو معدومی کے خطرات لاحق ہیں۔ ان میں انسانی آواز کی نقل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے نایاب طوطے، باز، گدھ اور کونج کی مختلف نسلیں بھی شامل ہیں۔
دو سال کی مسلسل محنت کے بعد پاکستان بھر سے پرندوں اور قدرتی ماحول سے محبت رکھنے والے افراد نے ان قیمتی انواع کو محفوظ بنانے کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔