اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت ایران کا پاکستان کیساتھ ہاکی کے فروغ کے لیے اظہارِ دلچسپی

پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق ایران اپنی مرد اور خواتین کی قومی ہاکی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کا خواہشمند ہے


ذوالفقار بیگ November 15, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین کھیلوں کے شعبے میں تعاون کا ایک نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے۔ ایران نے پاکستان کے ساتھ ہاکی کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق ایران اپنی مرد اور خواتین کی قومی ہاکی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کا خواہشمند ہے، جو اسلام آباد میں پاکستان کی قومی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز  اور پریکٹس میچز کھیلیں گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف دونوں برادر ملکوں کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ اسپورٹس ڈپلومیسی کی ایک بہترین مثال بھی ثابت ہوگا جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان ہاکی کے مثبت تشخص کو مزید فروغ ملے گا۔